سکھر کی کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کو سرکاری تحویل میں لے کر ایڈمنسٹریٹر مقر رکئے جائیں،بعض سوسائٹیز کے عہدے دار وں نے سوسائٹی کو ذاتی جاگیر بنا لیا ،پلازوں کی وجہ سے سکھر میں کئی طرح کے ماحولیاتی مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں، سماجی حلقے

بدھ 13 مارچ 2013 19:59

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔13مارچ۔ 2013ء)سکھر کے عوامی ‘ سماجی اور سیاسی حلقوں نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور چیف سکریٹری سندھ سے اپیل کی ہے کہ وہ سکھر کی کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کو سرکاری تحویل میں لے کر وہاں ایڈمنسٹریٹر کا تقرر کریں نیز سوسائٹیز میں آبادکاری کیلئے وہاں بنیادی سہولیات سے متعلق انفرا اسٹرکچر بنانے کا ہنگامی منصوبہ شروع کرائیں ۔

ان حلقوں کا کہنا ہے کہ 50سال قبل سکھر شہر کی توسیع اور کشادگی کے پیش نظر 16 کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز قائم کی گئی تھیں جن پر شروع دن سے مفاد پرست عناصر نے قبضہ کر لیا کس کی وجہ سے پچاس سال میں دو تین ہی سوسائٹیز ہی آباد ہو سکیں جب کہ ایک درجن سے زائد سوسائٹیز \"مردہ گھوڑا \"بنی ہوئی ہیں ۔

(جاری ہے)

ان سوسائٹیز کے عہدے دار نہ صرف سوسائٹیز کے فنڈز پر عیاشی کر رہے ہیں بلکہ پلاٹوں کی ہیر پھیر اور فلاحی مقاصد اور گرین بیلٹ کیلئے چھوڑی گئی زمین کو پلاٹوں میں تقسیم کرکے کروڑوں روپے کھا پی چکے ہیں ان حلقوں کا کہنا ہے کہ بعض سوسائٹیز کے عہدے دار وں نے سوسائٹی کو ذاتی جاگیر بنا لیا ہے اور برسوں سے جونک کی طرح چمٹے ہوئے ہیں ‘ یہ سوسائٹیز میں نہ ترقیاتی کام کراتے ہیں اور نہ ہی سوسائٹی کی جان چھوڑتے ہیں کس کی وجہ سے 50سال میں بھی سوسائٹیز میں آبادکاری نہیں ہو سکی ‘ شہر نہ پھیلنے کی وجہ سے کوزے میں بند ہو چکا ہے اور محدود سی جگہ میں کثیر المنزلہ پلازے تعمیر کرکے سکھر کا ستیاناس کیا جا رہا ہے ‘ پلازوں کی وجہ سے سکھر میں کئی طرح کے ماحولیاتی مسائل بھی پیدا ہو چکے ہیں ‘ آبادی میں بے تحاشہ اضافے کی وجہ سے لوگ سوسائٹیز میں گھر بنانا چاہتے ہیں لیکن سڑکیں ‘ واٹر سپلائی ‘ سیوریج ‘ گیس ‘ بجلی ‘ فون کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے سوسائٹیز میں گھر بنانے سے قاصر ہیں ۔

ان حلقوں نے مطالبہ کیا کہ سکھر کی تمام سوسائٹیز کو حکومت اپنی تحویل میں لے کر وہاں خود ترقیاتی کام کرائے تاکہ لوگ سوسائٹیز میں گھر بنا کر وہاں شفٹ ہو سکیں اور شہر پر بڑھتے ہوئے آبادی کے دباؤ میں کمی آ سکے ۔ ان حلقوں نے چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس افتخار محمد چوہدری سے بھی اپیل کی کہ وہ سکھر کی کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز میں ہونے والی دھاندلیوں ‘ پلاٹوں کی ہیر پھیر اور عوام کی حق تلفی کا سوموٹو ایکشن لیں اور سوسائٹیز کے بد عنوان ‘ بد دیانت اور نا اہل عہدے داروں کے خلاف کارروائی کریں۔