چوہدری نثارکا جسٹس(ر) میرہزارکھوسو پر اعتراض مضحکہ خیز ہے،خورشید شاہ

ہفتہ 16 مارچ 2013 15:06

سکھر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16مارچ 2013ء) وفاقی وزیرسید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ چوہدری نثارعلی خان کا یہ اعتراض کے جسٹس(ر) میرہزار کھوسو بے نظیربھٹو کے بہت قریب تھے انتہائی مضحکہ خیز ہے تو پھر ملک میں نگراں وزیراعظم پوپ کو ہونا چاہئے جوکسی سے نہیں ملتا۔ سکھر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئےوفاقی وزیرسید خورشید شاہ نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے لئے سیاستدانوں کو فیصلہ کرنے کا اختیار کسی اور کو نہیں دینا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی مدت آج رات 12بجے پوری ہوجائے گی جب کہ صوبائی اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے کے معیاد الگ الگ دنوں میں ہے، وزیراعظم نے آج چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ کو اسی حوالے سے مدعو کیا ہے تاکہ ملک میں ایک ہی دن میں نگراں سیٹ اپ اور عام انتخابات کا انعقاد کیا جاسکے کیوں کہ ملک کے جس طرح کے حالات ہیں یہ سب کے لئے بہترہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ چوہدری نثارعلی خان کا نگراں وزیراعظم کے لئے جسٹس(ر)میرہزارکھوسو پریہ اعتراض کہ وہ بے نظیر بھٹو کے قریب تھے انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا ایک وقت میں شریف برادران بھی محترمہ کے بہت قریب توپھر چوہدرنثارعلی خان کو ان سے بھی فاصلہ رکھنا چاہئے۔