صدر زرداری نے14 رکنی نگران وفاقی کابینہ سے حلف لے لیا، تقریب میں نگران وزیر اعظم ودیگرشخصیات کی شرکت،ایک نامزد وزیر ڈاکٹر مشتاق کی کرسی عین وقت پر اٹھا لی گئی ، انتخاب آئینی تقاضوں کے مطابق نہیں تھا، ذرائع

منگل 2 اپریل 2013 19:34

صدر زرداری نے14 رکنی نگران وفاقی کابینہ سے حلف لے لیا، تقریب میں نگران ..
{#EVENT_IMAGE_1#}اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2اپریل۔ 2013ء) صدر آصف علی زرداری نے14 رکنی نگران وفاقی کابینہ سے حلف لے لیا، منگل کو ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں 14 وزراء نے حلف اٹھایا۔ نگران وزیر اعظم جسٹس(ر) میر ہزار خان کھوسو سمیت اعلیٰ شخصیات بھی حلف برداری کی تقریب میں موجود تھیں۔ نگران کابینہ میں شامل کئے گئے ڈاکٹر مشتاق نے حلف نہیں اٹھایا جس کی بناء پر ان کیلئے رکھی گئی کرسی کو عین وقت پر اٹھایا گیا ، ڈاکٹر مشتاق کے حلف نہ اٹھانے بارے سرکاری طو رپر کچھ نہیں بتایا گیا۔

14 رکنی نگران وفاقی کابینہ میں شامل 7وزراء کا تعلق پنجاب ، 3کا سندھ ، 3کا بلوچستان اور 2 کا خیبرپختونخوا سے ہے۔ حلف اٹھانے والے وزراء میں شہزادہ جمال ، احمر بلال صوفی ، ڈاکٹر مصدق ملک ، ملک حبیب ، عارف نظامی ،سہیل وجاہت صدیقی ، شہزادہ احسن اشرف ، مقبول رحمت اللہ ، عبدالمالک کاسی ، اسد اللہ مندوخیل ، میر حسن ڈومکی ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر ، فیروز جمال شاہ کاکاخیل اور ڈاکٹر یونس سومرو شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق عارف نظامی کابینہ میں وزیر اطلاعات، ملک حبیب وزیر داخلہ ، احمر بلال صوفی وزیر قانون اور سہیل وجاہت صدیقی پٹرولیم کے وزیر ہونگے۔ ذرائع کے مطابق حلف نہ اٹھانے والے ڈاکٹر مشتاق کا انتخاب آئینی تقاضوں کے مطابق نہیں تھا اسی لئے انہیں عین وقت پر کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا گیا او روہ اس وقت سٹیٹ بنک کے چیف اکنامک ایڈوائزر کے طو رپر کام کر رہے ہیں۔