خورشید شاہ کے کاغذات نامزدگی منظور نہیں ہوسکے، 6 اپریل کو طلب

جمعرات 4 اپریل 2013 12:08

سکھر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4اپریل 2013ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہ نما اور سابق وفاقی وزیر خورشید احمد شاہ کے کاغذات نامزدگی اعتراض داخل ہونے کے باعث منظور نہیں ہوسکے،ریٹرننگ افسر نے خورشید شاہ کو 6 اپریل کو طلب کرلیا۔خورشید احمد شاہ نے سکھر سے این اے 199 اور پی ایس 04 پر کاغذات نامزدگی داخل کرائے تھے۔ جن پر شہزادہ ڈریہو ایڈووکیٹ نے اعتراض داخل کردیا ہے۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ پر اعتراض ہے کہ انہوں نے اپنے اثاثوں سے متعلق حقائق چھپائے ہیں ان کے خلاف سیکشن 177/199 اور سیکشن 193 پی پی سی کے تحت کارروائی کی جانی چاہئے۔خورشید شاہ نے 2008ء کے کاغذات نامزدگی میں ڈی ایچ اے کراچی میں بنگلے کی قیمت 35 لاکھ اور سکھر میں پلاٹ کی قیمت 12 لاکھ بتائی تھی ۔ مگر موجودہ کاغذات میں بنگلے کی قیمت 19 لاکھ اورپلاٹ کی قیمت بھی 12 لاکھ سے کم ظاہر کی گئی ہے۔خورشید شاہ نے غلط بیانی کی ہے اس لئے وہ 62/63 کے تحت اہل نہیں ہیں ۔ریٹرننگ افسر نے خورشید شاہ کو 6 اپریل صبح 10 بجے طلب کرلیا ہے۔

متعلقہ عنوان :