آرٹیکل 62 اور 63 کو مذاق بنادیا گیا ،میرے کاغذات نامزدگی پراعتراض بلاجوازہیں ،پیپلز پارٹی کے رہنما ء و سابق وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ کی میڈیاسے بات چیت

جمعہ 5 اپریل 2013 23:48

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔5اپریل۔ 2013ء) پیپلز پارٹی کے رہنما ء و سابق وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کو مذاق بنادیا گیا ،میرے کاغذات نامزدگی پراعتراض بلاجوازہیں ۔وہ جمعہ کوسکھر پی سی بی گراؤنڈ میں لالا عمر جان ٹورنامنٹ کے فائنل کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔پریز مشرف پر غداری کے مقدمہ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئین کی جو خلاف ورزی کرتا ہے ، وہ تو اس میں آتا ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ مجھے سمجھنے میں مشکل آتی ہے کہ سپریم کورٹ نے خود پرویز مشرف کو تین سال کی مدت اور آئین میں ترمیم کرنے کا پاور بھی دیا تھا، یہ ایک بہت ہی ٹیکنیکل بات ہے ، اْس وقت خود سپریم کورٹ نے انہیں درست قرار دیا تھا ،اور اس کو درست قرار دینے والے بھی کیا اس غداری کے مقدمہ میں آئیں گے ، یہ بہت بڑا سوال اب اٹھے گا ، ان کے نامزدگی فارم پر اعتراض عائد کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تمام اعتراض غلط ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام الدین شیخ کے ساتھ سرد جنگ کے حوالے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیاسی جماعت ہے ، پارٹی کے اپنے فیصلے ہوتے ہیں ، کسی کی جیت یا ہار کا کوئی مسئلہ نہیں پارٹی فیصلے کرتی ہے ، پارٹی کے فیصلہ پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے ، نوڈیرو سے جلد روانگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میڈیا کا رویہ غیر سنجیدہ ہوتا جارہا ہے ، میں وہاں سے اجازت لے کر اٹھا تھا وہاں کوئی اجلاس نہیں تھا ، صرف شہید بھٹو کی برسی کے حوالے سے پروگرام تھا ، مجھے صبح اسکروٹنی میں جانا تھا ۔