نواز شریف ملک بچانے کی سیاست کر رہے ہیں، روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے عوام سے سب کچھ چھین لیا، سابق صوبائی حکومت کے انقلابی اقدامات سے صوبہ بھر میں تعلیمی انقلاب آئے گا، نواز شریف اقتدار میں آ کر عوام کی محرومیاں دور کرینگے، سابق وفاقی وزیر حلقہ NA-94 سے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار چوہدری اسد الرحمن کا رنر میٹنگ سے خطاب

اتوار 21 اپریل 2013 21:27

پیرمحل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔21اپریل۔ 2013ء) سابقہ وفاقی وزیر حلقہ NA-94 سے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار چوہدری اسد الرحمن نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے قائد میاں نواز شریف ملک بچانے کی سیاست کر رہے ہیں اور جمہوریت کومضبوط دیکھنا چاہتے ہیں روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے عوام سے سب کچھ چھین لیا ہے پیپلز پارٹی کو ووٹ دینا گناہ عظیم، آزاد امیدوار بغیر انجن کے گاڑی جس نے دومرتبہ اپنی پارٹی قاف لیگ سے وفا نہ کی حلقہ کے عوام سے کیا وفا کرے گا ۔

اتوار کو کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پانچ سالوں تک کرپٹ حکومت کیوجہ سے لاکھوں مزدور بے روز گار ‘ ہزاروں انسان دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گئے ہزاروں لوگ غربت اور افلاس کے ہاتھوں مجبور ہو کر خودکشیوں کی نذر ہو گئے ۔

(جاری ہے)

اغواء برائے تعاون کی وارداتوں میں زبردست اضافہ ہوا ۔ غریب عوام کھانے پینے کی اشیاء کو ترستے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں عوام کو سوچ سمجھ کر ووٹ کاسٹ کرنا ہوگا۔

کرپٹ سیاستدانوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے قوم کو مسلم لیگ (ن ) کے پرچم تلے جمع ہونا ہو گا ۔ اگر وفاق اور پنجاب حکومت کا موازانہ کیا جائے تو وہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ثابت ہو جائے گا ۔ حکومت پنجاب نے ذہین وہونہار طالبعلموں میں لیپ ٹاپ اور سولر انرجی لیمپس تقسیم کرکے تعلیمی شعبے میں نئی روح پھونک دی ہے حکومت کے ان انقلابی اقدامات سے صوبہ بھر میں تعلیمی انقلاب لانے میں بھرپور مدد ملے گی۔

میاں نواز شریف اقتدار میں آ کر عوام کی محرومیاں دور کرینگے‘مسلم لیگ (ن) اس وقت عوام کے دلوں کی آواز بن چکی ہے اور عام انتخابات میں اس کی شاندار کامیابی یقینی ہو چکی ہے۔اس موقع پر حکیم محمد رفیق سٹی صدر ، چوہدری خالد سردار سابق ضلع ناظم ، حاجی سردار محمد ، مشتاق احمد سعیدی ، اسرار احمد پھلوری ، میاں طارق کوٹلی والے ، میاں طارق مدے پوری ، صوبائی رہنما مسلم لیگ ن چوہدری شوکت علی گجر ایڈووکیٹ ،اصغر علی چیئرمین،ڈاکٹر غلام نبی گجر ، شفت رسول گجر،سردار امیر حمزہ گجر ، میاں الطاف حسین سمیت سینکڑوں افراد نے کارنر میٹنگ میں شرکت کی