نادیدہ قوتوں کے خلاف پوری قوم متحد ہے آمریت کے خاتمے کے لئے مشرف کا احتساب ضروری ہے، امریکہ غلام حکمرانوں کے مسلط رہنے تک ملکی سلامتی خطرے میں رہے گی،پیپلز پارٹی نے مشرف کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہوکرملکی حالات کو بدسے بدتر بنا دیا ،امیدوار برائے قومی اسمبلی این اے 94 رانا ارشادانور کا کارنر میٹنگ سے خطاب

اتوار 21 اپریل 2013 21:27

پیرمحل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔21اپریل۔ 2013ء) امیدوار برائے قومی اسمبلی این اے 94 رانا ارشادانور نے کہاکہ نادیدہ قوتوں کے خلاف پوری قوم متحد ہے آمریت کے خاتمے کے لئے مشرف کا احتساب ضروری ہے مشرف دور ِحکومت کے غیر دانشمندانہ فیصلوں اور پارلیمنٹ کو بائی پاس کرنے کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے پیپلز پارٹی کا دورتاریخِ پاکستان کا سب سے زیادہ ذلت کا دوررہا ہے۔

جب تک امریکی غلام حکمران قوم پر مسلط ہوتے رہیں گے پاکستان کی خود مختاری و سلامتی خطرے میں رہے گی پاکستان کسی بھی قسم کے عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ وہ اتوار کو یہاں غوثیہ چوک میں کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے مشرف کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہوکرملکی حالات کو بدسے بدتر بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

زرداری حکومت نے ملک کے ہر شعبے اور زندگی کے ہر میدان میں کرپشن اور بد عنوانی میں اضافہ کیا ہے۔

گزشتہ پانچ سالوں کے اندر کرپشن میں ہوشربا اضافہ ہو اہے۔بنکوں سے قرضوں کی معافی کا بازارگرم کیے رکھا۔اہم ترین ادارے بشمول اسٹیل مل ،پی آئی اے،واپڈا،ریلوے اور ٹریڈنگ کار پوریشن خزانہ پر بوجھ بن چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی،بے روزگاری اور 18سے20گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کو مصیبت میں ڈال دیا ہے۔پیپلز پارٹی کی حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے اور اس کی داخلی اور خاجی پالیسیوں نے عوام اورملک کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔

اس وقت وطن عزیزشدید بحرانوں میں مبتلاہے۔آئندہ انتخابات میں عوام کا فرض ہے کہ پاکستان جو ایک مقدس امانت ہے اس کی حفاظت اور اسلامی اور جمہوری بنیادوں پر اس کی ترقی اور استحکام کے لئے میدان میں اتریں اور موثر اور پر امن جد و جہد کے ذریعے ملک کوموجودہ بحرانوں سے نجات دلانے کے لئے اپنی ذمہ داری اداکریں انہوں نے کہاکہ نگران حکومت بھی سابقہ نام نہاد جمہوری حکومت کا طرز عمل اختیار کرتے ہوئے عوام کوریلیف دینے کی بجائے ان کو روزانہ کی بنیاد پر تکلیف اور اذیت پہنچارہی ہے۔

عوام بد عنوان اور کرپٹ حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں اور نئی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔جماعت اسلامی کے پاس پڑھی لکھی اور جراتمند قیادت موجود ہے جو ملک کو امریکی غلامی اور تمام بحرانوں سے نجات دلائے گی۔