فیصل آباد،باجوڑ ایجنسی میں خودکش حملے میں شہید فوجی عبدالجبار غلام محمد آباد قبرستان میں سپرد خاک،نماز جنازہ میں شہری بڑی تعداد میں شریک ، پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی

اتوار 21 اپریل 2013 21:44

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔21اپریل۔ 2013ء) باجوڑ ایجنسی میں خودکش حملے میں شہید فوجی عبدالجبار کو فیصل آباد میں سپرد خاک کردیا گیا،نماز جنازہ میں شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے، پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی۔ باجوڑ ایجنسی کے ہیڈکوارٹرز اسپتال میں گزشتہ روز خودکش حملے میں جاں بحق چار افراد میں فیصل آباد کا عبدالجبار بھی شامل تھا۔

(جاری ہے)

اس بائیس سالہ جوان نے دو سال پہلے ملک و قوم کی حفاظت کی قسم کھا کر پاک فوج میں شمولیت اختیار کی تھی اور باجوڑ میں ڈیڑھ سال سے تعینات تھا۔ عبدالجبار نے وطن کی خاطر مرمٹنے کا وعدہ خوب نبھایا جس پر اس کے اہل خانہ کو فخر ہے۔عبدالجبار کی نماز جنازہ فیصل آباد کے غلام محمد آباد میں ادا کی گئی جس کے بعد پاک فوج کے چاک وچوبند دستی نے سلامی پیش کی۔ نماز جنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ اہل خانہ عبدالجبار کے دنیا سے چلے جانے پرغمگین تھے۔ نماز جنازہ میں پیپلزپارٹی کے راجہ ریاض اور ن لیگ کے این اے پچیاسی کے امیدوار اکرم انصاری اور دیگر سیاست دانوں نے بھی شرکت کی۔ شہید کو غلام محمد آباد قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :