پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں کی ناکام داخلی ،خارجی پالیسیاں قومی معیشت اور صنعت کے لئے زہر قاتل تھیں ،آٹھ سال تک طاقت کا مظاہرہ کرنیوالا فوجی ڈکٹیٹر پرویزمشرف آج بے یارومددگار ہے ،گیارہ مئی کو محب وطن پاکستانیوں نے انصاف اورملک دشمن لیڈروں کے خلاف مزاحمت نہ کی تو ملکی ترقی کا خواب ادھورا رہ جائے ، سابق ممبرقومی اسمبلی حاجی محمداکرم انصاری، سابق ممبرپنجاب اسمبلی خواجہ محمداسلام کا کارنر میٹنگز سے خطاب

منگل 23 اپریل 2013 15:21

فیصل آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 23اپریل 2013ء) سابق ممبرقومی اسمبلی حاجی محمداکرم انصاری، سابق ممبرپنجاب اسمبلی خواجہ محمداسلام نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں کی ناکام داخلی ،خارجی پالیسیاں قومی معیشت اور صنعت کے لئے زہر قاتل تھیں ، پانچ سال تک ملکی تاریخ کی ریکارڈ کرپشن کرکے زرداری ٹولہ نے بدعنوانی کے مقابلہ کی میراتھن جیت لی، مجرمانہ اور آمرانہ سوچ کے حامل سابق حکمران بیرونی دباؤ کا مقابلہ نہیں کرسکے، آٹھ سال تک طاقت کا مظاہرہ کرنیوالا فوجی ڈکٹیٹر پرویزمشرف آج بے یارومددگار ہے ،گیارہ مئی کو محب وطن پاکستانیوں نے انصاف اورملک دشمن لیڈروں کے خلاف مزاحمت نہ کی تو ملکی ترقی کا خواب ادھورا رہ جائے گا۔

وہ منگل کو افغان آباد میں ملک وحید الحق اور رانا ظہیرالدین بابر کی طرف سے منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا پانچ سالہ دور بدترین تھاجس میں عدلیہ کے فیصلوں کا مذاق اڑایاگیا جس سے قانون کی حکمرانی کا خواب چکنا چور ہوا، بجلی گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث ملکی معیشت زوال پذیر ہوئی اورلاکھوں محنت کش بیروزگاری کی بھینٹ چڑھ گئے، انہوں نے کہا کہ ۲۰۰۸ کے الیکشن میں اس یونین کونسل سے مجھے اور خواجہ محمداسلام کو ریکارڈ ترین ووٹوں سے برتری ملی، چار مئی کو میاں محمد نوازشریف اقبال پارک دھوبی گھاٹ کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے، خواجہ محمداسلام نے کہا کہ سابق وفاقی اور پنجاب گورنمنٹ کی پالیسیوں میں زمین وآسمان کا فرق تھا، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) ملک وحید الحق اور رانا ظہیرالدین بابر نے کہا کہ ملک میں بعض طاقتیں مسلم لیگ (ن) کے خلاف سازشوں میں مصرو ف ہیں ،وہ کسی طرح میاں محمدنوازشریف کو وزیراعظم نہیں دیکھنا چاہتیں مگر ۱۸ کروڑ عوام ملک میں حقیقی تبدیلی کا فیصلہ کرچکے ہیں، شاہد محمود بیگ ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان دنیا کی واحد اسلامی ایٹمی طاقت بن چکا تھا مگر ڈکٹیٹر پرویزمشرف نے ایک منتخب عوامی حکومت کا تختہ الٹ کر ملک کو بے یارومددگار کردیا مگر جمہوریت پر شب خون مارنے والا آمر خود بے بس ہے ،یہ مکافات عمل ہے ، انہوں نے کہا کہ خواجہ محمداسلام پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، مسلم لیگی قائدین ے کارنر میٹنگ کے انعقاد پر ملک وحید الحق ،راناظہیرالدین بابر اور شیخ محمداسلم کی کاوشوں کو سراہا۔