بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے فیصل آباد کی ستر فیصد پاور لومز انڈسٹری مکمل بند

بدھ 24 اپریل 2013 16:44

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 24اپریل 2013ء) آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن کے چیئر مین رانا اخلاق احمدنے کہا ہے کہ بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے فیصل آباد کی ستر فیصد پاور لومز انڈسٹری مکمل بند ہو گئی ہے جس کی وجہ سے لاکھوں مزدور بے روز گار ہو چکے ہیں ،مگر حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی ۔نگران حکومت بھی انرجی بحران حل کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی وہ گزشتہ روز یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پنجاب کی انڈسٹری کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کرتی رہی اب باقی کسر نگران حکومت نے نکال دی ہے ۔

پانچ سال قبل چار سے چھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی جو اب اٹھارہ سے بائیس گھنٹے تک جا پہنچی ہے ۔اگر یہی حال رہا تو بہت جلد باقی تیس فیصد انڈسٹری بھی بہت جلد بند ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

ملک پر جب بھی کوئی قدرتی آفت آئی تو صنعتکاروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور فیصل آباد ملک ریونیو کے لحاظ سے سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے ۔وفاقی حکومت فوری طور پر بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے ورنہ صنعتکار احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بڑی انڈسٹری تو پہلے ہی بنگلہ دیش اور دیگر ہمسایہ ملکوں میں شفٹ ہو چکی ہے ۔یہی حال رہا تو چھوٹی انڈسٹری بھی مکمل تباہ ہو جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :