تیمر کے جنگلات کا تحفظ وقت کا اہم تقاضا ہے، جسٹس (ر) زاہد قربان علوی

جمعرات 25 اپریل 2013 21:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔25اپریل۔ 2013ء) نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی نے کہا ہے کہ تیمر کے جنگلات کا تحفظ وقت کا اہم ترین تقاضا ہے جس کے لئے ساحلی علاقوں میں بسنے والی کمیونٹیز میں آگہی اور شعور پیدا کرنا ضروری ہے۔ ماحول کے تحفظ کے عالمی غیر سرکاری ادارے آئی یو سی این اور مینگرووز فار فیوچر (MFF) کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں بڑے رقبے پر تیمر کے جنگلات واقع ہیں جو سمندری طوفانوں، سونامی اور دیگر قدرتی آفتوں کے خلاف شیلڈ کا کردار ادا کرتے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ نہ صرف موجودہ تیمر کے جنگلات کو محفوظ کیا جائے بلکہ ان کی مزید افزائش کے لئے بھی ٹھوس اقدامات کئے جایں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تیمر کے جنگلات ہمیں نہ صرف موسمیاتی تعمیر کے تباہ کن اثرات سے تحفظ فراہم کرتے ہیں بلکہ لاکھوں افراد کے لئے ذرائع معاش بھی فراہم کرتے ہیں۔ اس لئے حکومت، غیر سرکاری، تنظیموں، ماحولیات کے بچاؤ کے لئے کام کرنے والے افراد، مچھیرے جن کی روزی روٹی کا براہ راست تعلق تیمر کے جنگلات سے ہے سمیت دیگر متعلقہ افراد اور اداروں کی اولین ذمہ داری ان جنگلات کا تحفظ ہے۔

جسٹس (ر) زاہد قربان علوی نے اس بات پر زور دیا کہ لوگوں کو توانئی کے متبادل ذرائع فراہم کئے جائیں تاکہ تیمر کے جنگلات کاٹنے کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔ اس کے علاوہ متعلقہ کمیونٹیز میں آگہی اور شعور پیدا کرنا بھی اہمیت کا حامل ہے۔ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ادارے کے وفاقی سیکریٹری سید محمد علی گارونی نے تیمر کے جنگلات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دنیا کی 52 فیصد آبادی ساحلی علاقوں کے قریب بستی ہے اور اس شرح میں 2030 تک کافی اضافہ ہوجائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ نے پہلے ہی تیمر کے جنگلات کو ”پروٹیکٹیڈ سائنس“ قرار دیا ہے جس سے ان جنگلات کے تحفظ میں کافی مدد ملے گی۔ کنٹری ریپریزنٹیو محمد اختر چیمہ اور آیو سی این کے ڈاکٹر اسٹیس کرسٹینین نے تقریب کے شرکاء کو تیمر کے جنگلات کے تحفظ کے لئے لوگوں میں شعور بیدار کرنے اور پائیدار ترقی میں ان جنگلات کے کردار سے متعلق آیو سی این اور ایم ایف ایف کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔ بعد ازاں نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے تیمر کے جنگلات کے تحفظ کے لے چھوٹے اور درمیانی منصوبوں کی کامیاب تکمیل پر مختلف اداروں اور تنظیموں میں اسناد تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :