امر یکہ کا پاکستان میں انتخابی مہم کے دوران سیاسی رہنما وٴں اور ورکروں پر حملوں پر تشویش کا اظہار ، پرویز مشرف کی پاکستان واپسی پر کوئی پوزیشن نہیں لی، امریکہ اپنے نمائندوں کے چناوٴ کے حوالے سے پاکستانیوں کے حق کی بھرپور حمایت کرتا ہے، پاکستان میں 11 مئی کو صاف شفاف اور پْرامن انتخابات کے نتیجے میں اقتدار کی منتقلی تاریخی مرحلہ ہے، امریکہ انتخابات میں کسی مخصوص پارٹی یا امیدوار کی حمایت نہیں کرتا ،امریکی محکمہ خارجہ کے قائمقام نائب ترجمان پیٹرک ونٹرل کی صحافیوں کو بریفنگ،ترجمان کی ڈرون حملوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کمنٹس دینے سے معذرت

بدھ 1 مئی 2013 00:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1مئی۔ 2013ء) امر یکہ نے پاکستان میں انتخابی مہم کے دوران سیاسی پارٹیوں کے رہنما وٴں اور ورکروں پر عسکریت پسندوں کے حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی عوام پر انتخابات میں بھرپور شرکت کرنے پر زور دیا ۔بدھ کو امریکی محکمہ خارجہ کے قائمقام نائب ترجمان پیٹرک ونٹرل نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے سابق صدر پرویز مشرف کی پاکستان واپسی پر کوئی پوزیشن نہیں لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ عسکریت پسندوں کی جانب سے پاکستان میں انتخابی مہم کو سبوتاژ کرنے کے حوالے سے جاری کردہ بیانات کی مذمت کرتا ہے اور اپنے نمائندوں کے چناوٴ کے حوالے سے پاکستانیوں کے حق کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ پیٹرک ونٹرل نے کہا کہ پاکستان میں 11 مئی کو صاف شفاف اور پْرامن انتخابات کے نتیجے میں اقتدار کی منتقلی تاریخی مرحلہ ہے جس پر پاکستانی عوام کو فخر کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ انتخابات میں کسی مخصوص پارٹی یا امیدوار کی حمایت نہیں کرتا بلکہ انتخابات کے بعد اقتدار میں آنے والی حکومت کیساتھ تعلقات پر نظر رکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام پر زور دیا کہ وہ 11 مئی کے انتخابات میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ ملک میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط اور لوگوں کی آواز سنی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو پاکستان میں تشدد کی لہر پر تشویش ہے تاہم ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں انتخابی عمل جاری رہے۔ ڈرون حملوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ترجمان نے کمنٹس دینے سے معذرت کرلی۔