برانچ لیس بینکاری اکاؤنٹس میں 20 فیصد اضافہ

ہفتہ 4 مئی 2013 14:45

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 4مئی 2014ء) ملک میں برانچ لیس بینکاری میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق اس اضافے کی بڑی وجہ لیول ”0“ اکاؤنٹس میں 49 فیصد اضافہ ہے۔

(جاری ہے)

سہ ماہی کے دوران لیول ”3“ اکاؤنٹس میں بھی 37 فیصد کی نمایاں نمو ہوئی جس کا سبب بازار میں نووارد ”موبی کیش“ اور ”ٹائم پے“ کی آمد ہے جبکہ لیول ”1“ اور لیول ”2“ اکاؤنٹس میں 2 فیصد کی معمولی نمو دیکھی گئی۔

سہ ماہی کے دوران 151 ارب روپے کی تقریباً 35 ملین ٹرانزیکشنز ہوئیں۔ ایک ٹرانزیکشن کا اوسط حجم 4278 روپے تھا اور ٹرانزیکشنز کی اوسط یومیہ تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 92 ہزار 433 ہوگئی جبکہ گزشتہ سہ ماہی میں یہ تعداد 3 لاکھ 54 ہزار 367 تھی۔ برانچ لیس بینکاری ایجنٹوں کا بڑھتا ہوا نیٹ ورک 31 دسمبر 2012ء کو 41567 کی تعداد تک پہنچ گیا جبکہ 30 جون 2012ء کو یہ تعداد 30540 تھی، اس طرح 36 فیصد کا اضافہ ہوا۔