اسلام آباد میں معروف مصور محمد علی بھٹی کے فن پاروں کی نمائش جاری

اتوار 5 مئی 2013 16:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔5مئی۔ 2013ء) اسلام آباد میں معروف مصور محمد علی بھٹی کے فن پاروں کی نمائش جاری ہے، جس میں انتخابی کھیل ، سیاست دانوں کے داو پیچ اور معاشرے کی مشکلات کوجداگانہ انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔نومیڈ آرٹ گیلری میں بے ڈھنگا خیال کے عنوان سے جاری اس نمائش میں مصور نے حالات کے کینوس پرالجھنوں اور درد و ملال کے رنگ کچھ اس طرح بکھیرے ہیں کہ ملک، قوم اور معاشرے کی داستان غم کھل کر بیاں کردی۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد علی بھٹی نے اپنے پچیس فن پاروں میں انتخابات کو تاش کے کھیل سے تعبیر کیا ہے، جہاں سیاسی کھلاڑی مہارت اور چالاکی سے اپنے اپنے پتے کھیلتے ہیں۔فرو و ملت کی سادگی، معصومیت اور بے چارگی کا احساس کرنے والے نقاش نے مصائب و آلام میں گھرے وطن کے حالات کو لڈو کے کھیل سے بھی تعبیر کیا ہے، جہاں مکاری کے ڈائس رقص کرتے ہیں، کوئی جھوٹے قول و قرار کی سیڑھی سے اوپر چلا جاتا ہے ، تو کسی کو فریب و مکاری کا سانپ ڈس کر نیچے دھکیل دیتا ہے۔

(جاری ہے)

مصور نے منفرد اور متضاد رنگوں کی قوس و قزح سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے خیالی حلقوں اور سیاسی کردار وں کو بھی منفرد انداز میں پیش کیا ہے۔ کہیں کوئی دفعہ چار سو بیس کی صورت میدان میں ہے تو کہیں قتل و غارت گری کی دفعہ تین سو دو پر ہے۔محمد علی بھٹی نیرنگوں اور برش کی جنبش سے پاکستان کا قصہ درد بتایا ہے۔ چھیاسٹھ برسوں سے مادر وطن کے سینے پہ کہیں اندھیرے کروٹیں لے رہے ہیں تو کہیں ، افلاس، غم اور بم دھماکے شوریدہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :