بیرون ملک پاکستانیوں کا ووٹ، معاملہ کل الیکشن کمیشن میں پیش ہوگا

اتوار 5 مئی 2013 21:43

اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5مئی۔2013ء) سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے حق سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ کل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے گا، انتخابات کے دوران امیدواروں اور پولنگ کے عملے کی سیکیورٹی صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، کراچی اور بلوچستان میں سیکیورٹی کو مضبوط کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 18 کروڑ میں سے 15 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہو گئی ہے اور 7 مئی تک ملک بھر میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل کا عمل مکمل ہو جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں بیلٹ پیپر پہنچ گئے ہیں، سندھ اور فاٹا کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہوگئی، مردان اور پشاور کے سوا خیبر پختونخوا کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہو گئی ہے، پنجاب کے 9 میں سے 5 ڈویژن کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی بھی مکمل ہو گئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کہ پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کو پرچی دینے پر ممانعت ہوگی، امیداوار ان کے گھروں میں دے سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 69 ہزار 875 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں اور اس حوالے سے کل 313 شکایات موصول ہوئیں جن کے ازالے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ایک سوال پر سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ امیداواروں کی طرف سے ایک دوسرے پر ذاتی حملوں کی الیکشن ضابطہ اخلاق میں اجازت نہیں، ایسی کوئی شکایات ملنے پر ایکشن لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 8 کروڑ 61 لاکھ ووٹرز کو ٹرانسپورٹ دینا الیکشن کمیشن کے بس میں نہیں، امیدوار بھی اپنے ووٹرز کو ٹرانسپورٹ نہیں دے سکیں گے ۔