انتخابات جیتنے کی باتیں کرنے والوں کو گیارہ مئی کو پتہ چل جائے گا، عوام کا پیسہ لوٹنے والوں اورترقیاتی کاموں کی آڑ میں کمیشن کھانے والوں کو عوام ہر گز ووٹ نہیں دیں گے، مسلم لیگ نے پاکستان بنایا اوروہی پاکستان کو بچائے گی،مسلم لیگ ن سندھ کے صدر اوراین اے 215 کے امیدوار سید غوث علی شاہ کاانتخابی جلسہ عام سے خطاب

منگل 7 مئی 2013 23:53

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔7مئی۔ 2013ء) مسلم لیگ ن سندھ کے صدر اوراین اے 215 کے امیدوار سید غوث علی شاہ نے کہا ہے کہ انتخابات جیتنے کی باتیں کرنے والوں کو گیارہ مئی کو پتہ چل جائے گا عوام کا پیسہ لوٹنے والوں اورترقیاتی کاموں کی آڑ میں کمیشن کھانے والوں کو عوام ہر گز ووٹ نہیں دیں گے مسلم لیگ نے پاکستان بنایا اور مسلم لیگ ہی پاکستان کو بچائے گی پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک کی وحدت کو نقصان پہنچایاسندھ میں دوہرا بلدیاتی نظام قائم کر کے سندھ کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی سازش کی جوپیر پگارہ نے ناکام بنا دی یہ بات انہوں نے واپڈا کالونی،غریب آباد،اعظم کالونی خیرپور میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ نہ چاہتی تو پیپلزپارٹی پانچ سال دور اقتدار مکمل نہیں کر سکتی تھی ہم نے جمہوریت کی خاطر پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت پورے ملک میں مسلم لیگ کے امیدواروں کی پوزیشن مظبوط ہے اور گیارہ مئی کو جیت ہماری ہو گی سید غوث علی شاہ نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کو بھوک بیروزگاری ، بدامنی ، دہشتگردی کے تحفے دیئے اس لئے وہ اب عوام کے پاس ووٹ کے لئے نہیں جا رہے پہلی بارایسا ہوا ہے کہ پیپلز پارٹی کے امیدواروں سے ووٹرز نے ملنے سے انکار کر دیا ہے پیپلز پارٹی بھٹو کی پارٹی نہیں رہی اب وہ زرداری کی پارٹی ہے انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کرائینگے ۔