Live Updates

دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف اور جماعت اسلامی میں ملکر احتجاجی دھرنے دینے پر اتفاق ، خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کو مینڈ یٹ ملا ہے ،مولانا فضل الر حمن کو اعترا ض ہے تو الیکشن کمیشن جا ئے ،کے پی کے میں تحر یک انصاف کے ساتھ ملکر حکومت بنانے پر اتفاق ہو چکا ہے، جماعت اسلامی، آفتاب شیر پاؤ اور آزاد امیدواروں کو 3,3وزارتیں ملیں گی، امریکہ کو اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہو گی اور وہ یہ سمجھ لے کہ اس خطے کے عوام غلام نہیں ہیں اور نہ ہی پورے ملک کو سلالہ بنایا جا سکتا ہے، تحریک انصاف اور ہمارے نظریات ملتے ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ عام انتخابات میں کئی مقامات پر دھاندلی ہوئی ہے اور الیکشن کمیشن کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور جہاں ضروری ہے وہاں پر دوبارہ گنتی اور الیکشن کروائے جائیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ سے نکلے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں ہے،پیپلز پارٹی کی شکست کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے وہ دوسری بڑی پارٹی ہے، مسلم لیگ (ن) نے قوم کے ساتھ جو وعدے کئے ہیں ان کو پورا کیا جانا چاہیے، امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کی عمران خان کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو

بدھ 15 مئی 2013 22:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔15مئی۔2013ء) امیر جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کے ساتھ ملکر حکومت بنانے پر اتفاق ہو چکا ہے، جماعت اسلامی، آفتاب شیر پاؤ اور آزاد امیدواروں کو 3,3وزارتیں ملیں گی، امریکہ کو اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہو گی اور وہ یہ سمجھ لے کہ اس خطے کے عوام غلام نہیں ہیں اور نہ ہی پورے ملک کو سلالہ بنایا جا سکتا ہے، دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف کے ساتھ ملکر احتجاجی دھرنے دینے پر اتفاق ہوا ہے، تحریک انصاف اور ہمارے نظریات ملتے ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ عام انتخابات میں کئی مقامات پر دھاندلی ہوئی ہے اور الیکشن کمیشن کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور جہاں ضروری ہے وہاں پر دوبارہ گنتی اور الیکشن کروائے جائیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ سے نکلے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں ہے،پیپلز پارٹی کی شکست کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے وہ دوسری بڑی پارٹی ہے، مسلم لیگ (ن) نے قوم کے ساتھ جو وعدے کئے ہیں ان کو پورا کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کے روز شوکت خانم ہسپتال میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا کہ امریکہ کو انتہائی دانشمندانہ طریقے سے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنا ہو گی کیونکہ اگر وہ یہ سمجھتا ہے کہ وہ اس خطے کے عوام کو غلام بنا لے گا تو ایسا کسی صورت ممکن ہے اور نہ ہی پورے ملک کو سلالہ بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ملکی معاملات میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور میری بھی ان سے ملکی حالات پر مکمل بات چیت ہوئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کے ساتھ ملکر حکومت بنانے کا فیصلہ ہو چکا ہے جس کے تحت خیبر پختونخواہ میں خزانہ تعلیم اور زکوة کی وزارت جماعت اسلامی کے حصے میں آئے گی جبکہ تین وزارتیں صوابی کے آزاد گروپ اور تین وزارتیں آفتاب شیر پاؤ گروپ کو دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ فی الحال دھاندلی کی وجہ سے چار حلقوں میں گنتی کروائی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے اور اگر کوئی تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کرے گا تو یہ جمہوریت نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ آنے والی حکومت کیلئے یقینا بہت سے مسائل ہیں لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ ضرور آنے والی حکومت مسائل کے حل کیلئے اقدمات کرے گی اور معاملات کو جلد ازجلد بہتر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور ہم کراچی اور حیدر آباد میں دوبارہ پولنگ کیلئے ملکر کوشش کریں گے اور الگ الگ کی بجائے ملکر دھرنے دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے اور اس حوالے سے حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔سید منور حسن نے کہا کہ دہشتگردی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اور اس کی وجہ سے دیگر مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ دہشتگردی کے خلاف امریکی جنگ سے نکلا جائے اور تمام فیصلے ملک اور قوم کے وسیع تر مفاد میں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور قوم کیلئے کسی بھی جماعت کا دوسری جماعت کے ساتھ تعاون کرنا انتہائی خوش آئند ہے اور سب کو ملکر چلنے کی ضرورت ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات