حکومت آئندہ چند ہفتوں میں پرویزمشرف کو ملک سے باہر بھجوادے گی، اعجازالحق

پیر 10 جون 2013 16:50

فیصل آباد:(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جون 2013ء) پاکستان مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ چند ہفتوں میں پرویزمشرف کو ملک سے باہر بھجوادے گی، مسلم لیگ (ن) نے کارکردگی دکھائی تو ٹھیک ورنہ نواز شریف کی حکومت ایک سال بھی نہیں چلے گی۔ فیصل آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اعجازالحق نے کہا کہ ملک میں توانائی کے بحران نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے ایک جانب صنعتیں بند پڑی ہیں تو دوسری جانب محنت کش بے روز گاری اور فاقہ کشی کا شکار ہیں، پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے ملک بھر کے عوام کو بہت ریلیف مل سکتا ہے،عوام نے مسلم لیگ (ن) کو مسیحا سمجھتے ہوئے اسے بھاری مینڈٹ دیا ہےاگرنواز شریف اپنے وعدوں پر پورا نہ اتر سکے تو حالات پہلے سے بدتر ہوجائیں گے، اگلے 100 دنوں میں حکومتی کارکردگی سے پتہ لگ جائے گا کہ نواز شریف اس بار اپنی آئینی مدت پوری کرسکیں گے یا پھر ایک سال میں ہی ان کا اقتدار لپیٹ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو کراچی میں عوامی مسائل کو حل کرنے کی غرض سے سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرنا پڑے گا جس میں سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ کراچی میں بدامنی کی ذمہ دار ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور اے این پی ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے۔ اعجازالحق کا کہنا تھا کہ نئی حکومت آئندہ چند ہفتوں کے دوران سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کو ملک سے باہر بھجوا دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کے نتیجے میں بے گناہ افراد ہلاک ہوتے ہیں حکومت کو فوری طور پر اسے رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں دہشت گردی کی موجد ہے کیونکہ ’’الذوالفقار‘‘ ملک کی پہلی دہشت گرد تنظیم تھی جس کے سربراہ سابق وزیر اعظم ذوالفقارعلی بھٹو کے بیٹے مرتضیٰ بھٹو اور شاہنواز بھٹو تھے۔