فیصل آبادمیں لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرہ، گھروں میں گھس کرمار پیٹ کرنے والے 5 اہلکار معطل

بدھ 12 جون 2013 13:57

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 12جون 2013ء ) فیصل آباد میں لوڈشیڈنگ پر مشتعل شہریوں نے فیسکو دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور سامان کو آگ لگادی، مظاہرین کی تلاش میں گھروں میں گھسنے اور شہریوں پر تشدد کے الزام میں 5پولیس اہلکاروں کو معطل کردیاگیا ۔فیصل آباد میں 14گھنٹے سے زائد کی لوڈ شیڈنگ برداشت سے باہر ہوئی اورمشتعل شہری قابو سے باہر ہوگئے جس کے بعد لاہورفیصل آباد روڈ پر ڈنڈابردار مظاہرین سڑکوں پر آئے اورفیسکو آفس میں داخل ہوگئے ، جو ہاتھ آیا غصے کی نذرہوگیا۔

مشتعل مظاہرین نیفیسکو آفس کا فرنیچر باہر نکالا اورآگ لگادی۔حالات قابوسے باہر ہوئے توضلع بھرسے پولیس کی نفری طلب کرلی گئی، مظاہرین پولیس کے لاٹھی چارج اور شیلنگ کا جواب پتھراو سے دیتے رہے۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا احتجاج بڑھا تو پولیس بھی بپھر گئی۔ ہنگامہ آرائی کرنے والوں کی تلاش میں پولیس قریبی علاقوں کے گھروں میں گھس گئی،اس دوران خواتین سے بدسلوکی بھی کی۔

پولیس کی بدسلوکی پر پنجاب حکومت نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ سینئر وزیر پنجاب رانا ثنا اللہ نے تشدد میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ جس کے بعد گھروں میں گھس کر تشدد کرنے کے الزام میں 5 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔جھنگ ، ڈیرہ غازی خان بہاولپوراورلوئردیر میں بھی بجلی کے ستائے ہوئے شہری سراپا احتجاج بنے رہے۔