مون سون بارشوں سے ممکنہ سیلاب سے تحفظ کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹرمینیجمنٹ اتھارٹی گھوٹکی کا اجلاس، دریائی بندوں کا مرمتی کام جلد از جلد مکمل کرنیکا فیصلہ

جمعرات 13 جون 2013 20:44

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔13جون۔ 2013ء) ممکنہ سیلاب اور مون سون کی بارشوں کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈسٹرکٹ ڈزاسٹر مئنجمنٹ اتھارٹی گھوٹکی کا ایک بڑااجلاس ڈپٹی کمشنر گھوٹکی فرید احمد جونیجو کی زیر صدارت کمیٹی روم میرپور ماتھیلو میں منعقد ہوا جس میںآ رمی، ایریگیشن، روینیو، پولیس، رینجرز اور محکمہ صحت کے افسروں سمیت ضلع کی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے عملداروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گھوٹکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ممکنہ سیلاب اور مون سون کی بارشوں کو نظر میں رکھتے ہوئے تمام حفاظتی اقدامات لینا انتہائی ضروری ہے اس لیے ہم سب کو اپنی اپنی ڈیٹا، مشینری، واٹر پمپ، رلیف کیمپس، میڈیکل کیمپس اور وٹنری کیمپس تیار رکھنی چاہیے اس کے علاوہ این جی اوز اور رضاکاروں کو بھی تیار کیا جائے جبکہ کمیونٹی کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے اپنے ساتھ لیکر چلنا چاہیے کیوں کہ کمیونٹی کے تعاون کے بغیر کامیابی حاصل نہیں ہوسکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب اور بارشوں میںآ رمی، روینیو، رینجرز، پولیس، ایریگیشن، محکمہ صحت اور لائیو اسٹاک کا بنیادی کردار ہے اس لیے ہم سب کو ملکر ہمت سے ممکنہ سیلاب اور بارشوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود تحصیل سطح پر صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کریں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈائریکٹر سیڈا کو سختی سے ہدایت کی کہ دریائی بندوں کا مرمتی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور مون سون کی بارشوں کا پانی نیکال کرنے کے لئے پلان تیار کیا جائے تاکہ ممکنہ بارشوں کے دوران شہروں اور لوگوں کے گھروں میں پانی جمع نہ ہونے پائے۔

قبل از ڈائریکٹر سیڈا گھوٹکی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گھوٹکی اور میرپور ڈویزن میں دریا ء سندھ کے بندوں کی لمبائی 88 کلومیٹر ہے جبکہ بندوں کامرمتی کام تقریبا مکمل کیا گیا ہے باقی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے گا اس سلسلے میں وہ متلقہ افسروں سمیت روزانہ بندوں جائزہ لے رہے ہیں۔مزید بتایا کہ ممکنہ سیلاب کے پانی کو نیکال کرنے کے لئے 10 اسکارپ پمپ، 50 ڈیوارٹنگ پمپ،106 لیڈ چینلز موجود ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں 190 کٹ بھی ہیں جن کے ذریعے پانی کو نیکال کردیا جائے گا اس کے علاوہ سیلاب کے پانی کو کارو نارو نہر کے ذریعے نیکال کرنے کا بھی بندوبست کیا جارہا ہے۔

اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو نے بتایا کہ ڈویزنل کمشنر کی ہدایت پر ضلع میں 6 کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جن میں رلیف اینڈ فوڈ کمیٹی، ولیجئنس اینڈ ریسکیو کمیٹی، مشینری اینڈ مٹیریل کمیٹی، لائیو اسٹاک کمیٹی، ہیلتھ کمیٹی اور میونسپل سروسز کمیٹی شامل ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی کمیٹیوں میں متعلقہ افسر میمبر ہوں گے تاکہ ممکنہ سیلاب کے دوران ضلعی کمیٹیاں لوگوں کو بہتر سے بہتر رلیف دے سکیں۔

اس کے علاوہ ڈی سی کمپلیکس میں کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا تاکہ ضلع کی نگرانی کی جا سکے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ملٹی نیشنل کمپنیوں کے عملداروں کو کہا کہ وہ جلد از جلد اپنی ہیوی مشینری، لیبر اور میڈیکل یونٹس کے تفصیل فراہم کریں تا کہ ممکنہ سیلاب کے حوالے سے بہتر حکمت عملی کی جائے ، انہوں نے ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ وہ تمام ضروری ادوریات کی موجودگی کو یقینی بنائیں اور بی ایچ یوز کا دورہ کرکے رپورٹ فراہم کی جائے ۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام ٹی ایم اوز کو ہدایت کی کہ وہ نکاس آب کے لیے ڈیوارٹنگ پمپ اور جنریٹر خرید کریں اور تمام شہروں کے ڈرینیج نظام کو فوری طور پر صاف کرکے بحال کیا جائے اس سلسلے میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں ہوگی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر زکو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیل کے حوالے سے روزانہ رپورٹ فراہم کریں۔

متعلقہ عنوان :