Live Updates

مردان ،شیرگڑھ میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے دوران دھما کہ، تحریک انصاف کے رکن اسمبلی عمران خان مہمند سمیت 20 افراد جاں بحق،جے یو آئی (ف) کے مولانا قاسم سمیت40 زخمی ،ز خمی ہسپتال منتقل،متعددکی حالت تشویشناک ،ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ،دھماکے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا،خیبر پختونخواہ میں دو ہفتہ کے اندر دہشتگردی کے واقعہ میں تحریک انصاف کے دوسرے رکن اسمبلی جاں بحق،صدر ووزیر اعظم ، عمران خان ، سید منور حسن سمیت دیگر سیاسی وسماجی رہنماوٴں کی دھماکے کی مذمت

منگل 18 جون 2013 22:37

مردان/اسلام آباد/پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔18جون۔ 2013ء) مردان کے علاقے شیرگڑھ میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے دوران دھماکے کے نتیجے میں تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عمران مہمند سمیت 20 افراد جاں بحق جبکہجے یو آئی (ف) کے مولانا قاسم سمیت40 زخمی ،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے متعددکی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ظاہر کیا جارہاہے ،صدرمملکت آصف علی زرداری ،وزیر اعظم میاں نوازشریف ،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن سمیت دیگر سیاسی وسماجی رہنماوٴں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر افسوس کااظہار کیا ۔

خیبر پختونخواہ میں دو ہفتوں کے اندر دہشتگردی کے واقعہ میں تحریک انصاف کے دوسرے رکن اسمبلی جاں بحق۔

(جاری ہے)

منگل کو پولیس کے مطابق مردان کے علاقے شیرگڑھ میں دھماکا اس وقت ہوا جب مقامی پیٹرول پمپ کے مالک عبداللہ کی نماز جنازہ ادا کی جارہی تھی۔نماز جنازہ میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن عمران مہمند بھی شریک تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ عمران مہمند سمیت 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کوہسپتال منتقل کیا جہاں عمران مہمند سمیت مزید 15 افراد دم توڑ گئے۔ہسپتال انتظامیہ نے کہا ہے کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے اس کے علاوہ پشاور کے ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ دوسری جانب واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

واضح رہے کہ عبداللہ کو گذشتہ روز پیٹرول پمپ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔صدرمملکت آصف علی زرداری ،وزیر اعظم میاں نوازشریف ،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن سمیت دیگر سیاسی وسماجی رہنماوٴں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر افسوس کااظہار کیا ۔ صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ دھماکے میں عمران مہمند سمیت 20افراد جاں بحق اور 30زخمی ہوگئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو طبی امداد دینے کیلئے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ خودکش حملہ لگتا ہے ۔خیبر پختونخواہ میں دو ہفتہ کے اندر دہشتگردی کے واقعہ میں تحریک انصاف کے دوسرے رکن اسمبلی جاں بحق ہوئے ۔ اس سے قبل 4 جون کو ہنگو میں تحریک انصاف میں آزاد حیثیت سے جیت کر شامل ہونے والے فرید خان کو بھی دہشتگردوں نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا ۔ عمران خان مہمند بھی مردان سے آزاد حیثیت سے جیت کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات