فوڈ سٹریٹ دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا،ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ

اتوار 7 جولائی 2013 13:06

فوڈ سٹریٹ دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا،ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ
{#EVENT_IMAGE_1#}لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7جولائی۔2013ء)لاہور کی پرانی انار کلی فوڈ سٹریٹ میں ہونے والے دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں‌ بتایا گیا ہے کہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا جس میں لوہے کی پتریاں‌ بھی استعمال ہوئیں.پولیس نے تاحال دھماکے کی جگہ کو کلئیر نہیں کیا،سرچ آپریشن میں نوے سے زائد مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

گزشتہ رات فوڈ سٹریٹ پرانی انار کلی میں بم دھماکے سے پانچ افراد جاں بحق اور سینتالیس زخمی ہو گئے تھے۔دھماکے کی وجہ سے آج علاقے کی فضا سوگوار ہے۔دھماکے کے باعث مختلف ہوٹلوں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹے ہوئے ہیں۔ کرسیاں اور دیگر سامان بکھرا ہوا ہے۔پولیس نے دھماکے کی جگہ کے دونوں اطراف ٹینٹ لگا کر روڈ بلاک کی ہوئی ہے اور جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں جبکہ تاحال علاقے کی سیکورٹی کلئیر نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس نے انار کلی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے نوے سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔زیر حراست افراد میں ہوٹلوں میں کام کرنے والے افغانی اور دیگر باشندے شامل ہیں جن کی اکثریت کو شناختی کارڈ نہ ہونے کی بنا پر گرفتار کیا گیا ہے۔دوسری جانب آئی جی پنجاب نے خبردار کیا گیا ہے کہ اگلے بہتر گھنٹوں کے دوران دہشت گرد مزید کارروائیاں کر سکتے ہیں۔