قومی وسائل لوٹنے والے بجلی و گیس چوروں کو قانون کی سخت گرفت میں لایا جائے گا،ملک توانائی بحران سے دوچار ہے، گیس اور بجلی چور عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں،وزیراعظم نے ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ترجیحات کاتعین کر لیا، حکومت ترقی کے سفر پر گامزن ہے، پاکستانی عوام، تاجر اور صنعتکار جلد مثبت تبدیلی دیکھیں گے ،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی وزیراعظم کے ہمراہ فیصل آباد میں سوئی گیس کی چوری میں ملوث ٹیکسٹائل ملز کے معائنہ کے موقع پر گفتگو

پیر 15 جولائی 2013 22:35

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔15جولائی۔ 2013ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قومی وسائل لوٹنے والے بجلی و گیس چوروں کو قانون کی سخت گرفت میں لایا جائے گا،ملک توانائی بحران سے دوچار ہے، گیس اور بجلی چور عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں،وزیراعظم نے ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ترجیحات کاتعین کر لیا، حکومت ترقی کے سفر پر گامزن ہے، پاکستانی عوام، تاجر اور صنعتکار جلد مثبت تبدیلی دیکھیں گے ۔

وہ پیر کو وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کے ہمراہ دورہ فیصل آباد کے دوران جھنگ روڈ پر اڈا سدھار کے قریب سوئی گیس کی وسیع پیمانے پر چوری میں ملوث ٹیکسٹائل ملز میں گیس چوری کے خفیہ ذرائع کا معائنہ کرنے کے موقع پر گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک توانائی بحران سے دو چار ہے لیکن گیس اور بجلی چور عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں جنہیں سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔

انہوں نے ڈی سی او فیصل آباد کو ہدایت کی کہ وہ بجلی اور گیس کی چوری کی روک تھام کے لئے موٴثر آپریشن جاری رکھیں اور اس ضمن میں کسی قسم کے اثر رسوخ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔ ان قومی مجرموں کے خلاف مقدمات کی بھرپور اندازمیں پیروی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں جن کے لئے نئے پیداواری منصوبوں کے قیام کے علاوہ بجلی کے لائن لاسز پر قابو پانا اور چوری روکنا اولین ترجیح ہے ۔

ڈی سی اونجم احمد شاہ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ اس ٹیکسٹائل مل میں کامیاب آپریشن کرکے گیس کی چوری کا سراغ لگایا جا رہا ہے اور ایک اندازے کے مطابق اس مل میں 27کروڑ روپے سالانہ مالیت کی گیس چوری کی جارہی تھی۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں گیس چوری کے 6کیسز پکڑے ہیں جن میں 40کروڑ روپے سالانہ کی گیس چوری کااندازہ ہے۔بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کے ہمراہ مقامی ہوٹل میں مختلف کاروباری وصنعتی اور برآمد کنندگان کی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ترجیحات کا تعین کرلیا ہے اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے سمیت بجلی وگیس کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں وسیع پیمانے پر کرپشن میں ہاتھ رنگنے کے علاوہ اس ملک کے ساتھ جو کھیل کھیلا گیا اس سے صنعت وتجارت بری طرح متاثر ہوئی۔وزیراعلیٰ نے صنعتکاروں،تاجروں اورکاروباری افراد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ترقی کے سفر پر گامزن ہے اور پاکستانی عوام، تاجر اور صنعتکار جلد مثبت تبدیلی دیکھیں گے ۔