بھارتی پارلیمنٹ اور ممبئی حملوں سے متعلق بیان پر بھارتی حکومت سے وضاحت مانگ لی ہے، بھارتی حکومت کا جواب آنے پر حکومت پاکستان اپنا ردعمل دے گی، ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ منظر عام پر لانے کیلئے قائمہ کمیٹی برائے دفاع کی تجویز پر غور کریں گے، وزیراعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کے حالیہ بیانات ناسمجھی کی باتیں ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 18 جولائی 2013 23:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔18جولائی۔2013ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ بھارتی پارلیمنٹ اور ممبئی حملوں سے متعلق بھارتی افسر کے بیان پر بھارتی حکومت سے وضاحت مانگ لی ہے، بھارتی حکومت کا جواب آنے پر حکومت پاکستان اپنا ردعمل دے گی، ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ منظر عام پر لانے کیلئے قائمہ کمیٹی برائے دفاع کی تجویز پر غور کریں گے، وزیراعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کے حالیہ بیانات ناسمجھی کی باتیں ہیں۔

وہ جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افسر نے انکشاف کیا تھا کہ بھارتی پارلیمنٹ اور ممبئی حملے انسداد دہشت گردی قوانین کو مزید سخت بنانے کیلئے بھارتی حکومت نے خود کرائے۔ ہم نے بھارتی حکومت سے اس معاملے پر وضاحت مانگ لی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی حکومت کا جواب آنے پر پاکستان اپنا ردعمل دے گا۔ پرویز رشید نے کہا کہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع ایک مضبوطی کمیٹی ہے ہم ان کی رائے کا احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ منظر عام پر لانے کیلئے قائمہ کمیٹی برائے دفاع کی تجاویز پر غور کریں گے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کی بھی رائے لیں گے۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کے حالیہ بیانات ناسمجھی کی باتیں ہیں ان پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں۔