سکھر،بیراج کالونی میں آئی ایس آئی کے دفترکے قریب یکے بعد دیگرے 4 دھما کے اور فائرنگ،4افراد جاں بحق، 40زخمی ،زخمی ہسپتال منتقل، متعددکی حالت تشویشناک، ہلاکتو ں میں اضافے کا خدشے ،دھماکے میں آئی ایس آئی کے دفتر کو نشانہ بنایا گیا،دھماکے میں قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ،پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ،صدراوروزیراعظم سمیت دیگر سیاسی وسماجی رہنماوٴں کی دھماکے کی مذمت ، قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس

بدھ 24 جولائی 2013 23:19

سکھر/اسلام آباد/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔24جولائی۔2013ء) سکھر کی بیراج کالونی میں آئی ایس آئی کے دفترکے قریب یکے بعد دیگرے 4 دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 4 اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے متعددکی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتو ں میں اضافے کا خدشے کا اظہار کیا جارہاہے ،دھماکے میں آئی ایس آئی کے دفتر کو نشانہ بنایا گیا ،دھماکے میں قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور چھتیں گر گئیں ،پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ، صدراوروزیراعظم سمیت دیگر سیاسی وسماجی رہنماوٴں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ۔

بدھ کو پولیس اور میڈیا رپورٹس کے مطابق سکھر کی بیراج کالونی میں آئی ایس آئی کے دفترکے قریب یکے بعد 4دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں کم ازکم 4افراد جاں بحق اور 40سے زائد زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

سکھر بیراج کالونی کے علاقے میں افطار کے تھوڑی ہی دیر بعد ایک زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد چھوٹے دھماکے اور فائرنگ سنی گئی ۔ بیراج کالونی کے علاقے میں کمشنر ہاو س، رینجرز ہیڈ کوارٹر، حساس اداروں کے دفاتر اور اہم شخصیات کی رہائش گاہیں موجود ہیں۔

پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ کسی کو بھی بیراج کالونی میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور ڈاکٹروں و پیرا میڈیکل اسٹاف کو طلب کرلیا گیا ۔ڈی آئی جی جاوید اوڈھو نے میڈیاکو بتایا کہ دھماکوں میں آئی ایس آئی کے دفتر کو نشانہ بنایا گیا ۔دھماکے کمپاونڈ میں ہوئے ہیں جہاں پر کافی دفاتر موجود تھے ۔صدراوروزیراعظم سمیت دیگر سیاسی وسماجی رہنماوٴں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیاہے اور کہاہے کہ دہشتگردی کے واقعات دہشتگردی کے خلاف عزم متزلزل نہیں ہو سکتا ۔