Live Updates

میانوالی عائلہ ملک کی انٹر میڈیٹ کی جعلی ڈگری کے باعث الیکشن ٹربیونل سے متوقع نااہلی ،تحریک انصاف نے نوابزادہ ملک وحید خان کو گرین سگنل دے دیا

اتوار 28 جولائی 2013 21:19

میانوالی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔28جولائی۔2013ء) تحریک انصاف کی رہنما عائلہ ملک کی انٹر میڈیٹ کی جعلی ڈگری کے باعث الیکشن ٹربیونل سے متوقع نااہلی کے پیش نظر تحریک انصاف نے متبادل امیدوار اور انکے چچا زاد نوابزادہ ملک وحید خان کو گرین سگنل دے دیا جس کے بعد انہوں نے حلقہ میں اپنی انتخابی مہم شروع کردی۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف نے عام انتخابات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے این اے 71میانوالی سے خالی کردہ نشست پر ضمنی انتخابات میں عائلہ ملک کو بطور امیدوار نامزد کیا تھا لیکن چند روز قبل راولپنڈ ی بورڈ آف ا نٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے انکی ایف اے کی سند کو جعلی قرار دے دیا تھا جس کے بعد انکے مخالف مسلم لیگ نواز کے امیدوار عبیداللہ شادی خیل نے جعلی سند کو بنیاد بناتے ہوئے الیکشن ٹربیونل سے انکی نااہلی کیلئے درخواست جمع کرا دی تھی جس کی سماعت گزشتہ روز مکمل ہوگئی تھی اور کیس کا فیصلہ محفوط کرلیا تھا جو کل پیر کو سنایا جائیگا۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے عائلہ ملک کی الیکشن ٹربیونل سے متوقع ناہلی کو پیش نظر رکھتے ہوئے انکے چچا زاد اور متبادل امیدوار نوابزادہ ملک وحید خان کو گرین سگنل دے دیا جس کے انہوں نے حلقہ میں اپنی انتخابی مہم شروع کردی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات