ایم کیو ایم کو ہمیشہ حکومت میں رہنے کا شوق ہے، صوبے میں 1979 کا بلدیاتی نظام مختلف ترامیم کے ساتھ نافذ کرنا چاہتے ہیں ، صدارتی انتخاب کے سلسلے میں صوبائی اسمبلی کا اجلاس قانونی طور پر طلب کیا گیا ہے،وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی میڈیا سے گفتگو

پیر 29 جولائی 2013 20:09

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔29جولائی۔2013ء) وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو ہمیشہ حکومت میں شامل رہنے کا شوق ہوتا ہے،پیپلز پارٹی نے انہیں سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت دی تھی لیکن اسے شاید مرکزی حکومت پسند ہے۔وہ پیر کوسکھر میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے ان کی ہمشیرہ کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔

سید قائم علی شاہ نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ اب پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد میں شامل نہیں رہی،انہیں ہمیشہ حکومت میں شامل رہنے کا شوق ہوتا ہے، اب کی بار بھی روایت برقرار رکھی ہے اور وفاقی حکومت کے خواب دیکھ رہی ہے لیکن اب بھی ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت کے امکانات ختم نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ صدارتی انتخاب کے سلسلے میں صوبائی اسمبلی کا اجلاس قانونی طور پر طلب کیا گیا ہے،پیپلز پارٹی نے صدارتی انتخاب کا بائیکاٹ کررکھا ہے تاہم جو اس انتخاب میں حصہ لینا چاہے تو لے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں 1979 کا بلدیاتی نظام مختلف ترامیم کے ساتھ نافذ کرنا چاہتی ہے اس سلسلے میں مشاورت جاری ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلی سندھ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز پر حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے پانچ لاکھ اور زخمیوں کے لیے ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا۔