سکھر، 5برس گزرنے کے باوجود مشرف کے متوالے محنت کش کا سابق صدر سے لگاؤ کم نہ ہوسکا، کئی بار مار بھی کھائی

منگل 20 اگست 2013 13:43

سکھر ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 20اگست 2013ء ) پانچ برس گزرنے کے باوجود سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے متوالے محنت کش کا سابق صدر کے ساتھ لگاؤ کم نہ ہوسکا، اس دوران کئی مرتبہ تشدد کا نشانہ بننے اور لوگوں کی جانب سے مذاق اڑانے کے باوجود غریب محنت کش اب بھی سینے پر پرویز مشرف کی تصویر لگائے فخر سے گھومتا نظر آتا ہے۔

(جاری ہے)

روہڑی ریلوے اسٹیشن پر محنت مشقت کرنے والے محمد اکرم راجپوت نے بتایا کہ وہ سابق صدر پرویز مشرف کے ساتھ بہت لگاؤ اور قربت رکھتا ہے حالانکہ وہ زندگی میں کبھی بھی پرویز مشرف سے نہیں ملا مگر پرویز مشرف نے جس طرح بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی اور 9 برس تک دہشت گردی کا ڈٹ کا مقابلہ کیا اس کی وجہ سے میں جنرل مشرف کا دیوانہ ہوں اکرم راجپوت نے بتایا کہ وہ ہر وقت اپنے سینے پر پرویز مشرف کی تصویر لگا کر فخر محسوس کرتا ہے مگر اس کے اہل محلہ نے کئی مرتبہ اسی وجہ سے اس پر تشدد کیا اور مار پٹائی بھی کی جسکے بعد جب وہ تھانے پر گیا تو انہوں نے بھی کوئی بات نہیں سنی۔

اکرم راجپوت کا کہنا تھا کہ اس کی محبت اور عقیدت پرویز مشرف سے آخری دم تک قائم رہیگی اور میری خواہش ہے کہ زندگی میں ایک مرتبہ ضرور پرویز مشرف سے ملاقات کرکے ان کے ساتھ اپنے تصویر بنواؤنگا۔