صدر زرداری مفاہمت کی پالیسی کے تحت سب کو ساتھ لیکر جمہوریت کی نئی روایات قائم کیں،ممتاز علی چیمہ

جمعرات 5 ستمبر 2013 15:41

فیصل آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 5ستمبر 2013ء) سابق سٹی ناظم و رہنما پاکستان پیپلزپارٹی چوہدری ممتاز علی چیمہ نے کہا کہ صدر زرداری مفاہمت کی پالیسی کے تحت سب کو ساتھ لیکر چلے او رملک میں جمہوریت کی نئی روایات قائم کیں۔ ملک میں جمہوری حکومت کا اپنی مدت مکمل کرنا اور اسکے بعد پر امن طور پر انتقال اقتدار پیپلز پارٹی اور اسکے اتحادیوں کا بڑا کارنامہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ سوچ رہے ہیں کہ پیپلز پارٹی ختم ہو گئی ہے وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ انشا اللہ جلد دوبارہ پیپلزپارٹی کو منظم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت نے اپنے قیام کے تین ماہ میں مہنگائی میں اضافے کے جو کارنامے سر انجام دئیے ہیں اس سے عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں ، ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور انکے ساتھ ملکر حکومتی فیصلوں کے آگے بند باندھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں بے ہنگم اور ظالمانہ اضافے نے عوام کا کچومر نکال کر رکھ دیا ہے جب کہ آٹے کی قیمت بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہونے سے غریب اور مفلوک الحال عوام فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے اور غریب عوام کو زندہ در گور ہونے سے بچائے بصورت دیگر سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

پیٹرلیم اور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ ظالمانہ اضافہ اور آٹے کی قیمت کا یکدم بڑھنا عوام کے لیے سوہان روح بن کر رہ گیا ہے جس کا حکمرانوں کو فوری اور سخت نوٹس لے کر عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرنے چاہییں۔انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی غریب عوام کے برے دن شروع ہو گئے ہیں اور وہ کمر توڑ مہنگائی سمیت دیگر سنگین مسائل کے بوجھ تلے دب کر رہ گئے ہیں اس لیے حکومت ہوش کے ناخن لے اورفاقہ کشی پر مجبور عوام کو ریلیف فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔

متعلقہ عنوان :