بچوں سے زیادتی میں ملوث ملزمان کو نہیں بخشیں گے،قائم علی شاہ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کے اچھے نتائج نکلے ہیں،ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم میں کمی آئی ،وزیراعلیٰ سندھ

اتوار 29 ستمبر 2013 19:11

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2013ء) وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہاہے کہ کراچی میں معصوم بچیوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات پر افسوس ہے، بچیوں کے ساتھ زیادتی میں ملوث ملزمان کو کسی صورت میں نہیں بخشیں گے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کے اچھے نتائج نکلے ہیں،ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم میں کمی آئی ہے۔وہ سکھرایئرپورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

سید قائم علی شاہ نے کہاکہ کر اچی میں آپریشن کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے واقعات میں کمی آئی ہے۔ کراچی میں امن وامان کی صورتحال کی بہتری میں وفاقی حکومت تعاون کررہی ہے۔امن وامان کے قیام کیلئے ہر ہفتے اعلی سطح کا اجلاس طلب کیاجارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم ہم سے ناراض نہیں وہ اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کی واپسی خوش آئندہ ہے۔ وہ ناراض نہیں چھٹیاں گذار کر واپس آئے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ میں ڈینگی پر مکمل کنٹرول ہے اور سندھ میں ڈینگی سے بچاو کیلیے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں اور ہر ضلع میں ویکسین بھجوا دی گئی ہے ۔