وزیر اعظم سے ملاقات میں طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے بات کرونگا‘ اپوزیشن لیڈر ، عجلت میں بلدیاتی انتخابات کرائے گئے تو اسکی شفافیت پر سوالات اٹھیں گے‘ سید خورشید شاہ کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 10 نومبر 2013 19:59

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10نومبر۔2013ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آج پیر کو وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات ہو گی جس میں طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے بات کرونگا‘ اگر عجلت میں بلدیاتی انتخابات کرائے گئے تو اسکی شفافیت پر سوالات اٹھیں گے‘ حکومت کو تعلیم کے فروغ کے لئے کام کرنا ہوگا ،اس سلسلے میں ان کی اپنی جماعت سے تکرار ہوتی ہے کیونکہ سندھ میں 10 فیصد اساتذہ ایسے ہیں جو 3،3 نوکریاں کررہے ہیں۔

سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ ملک کو دہشتگردی نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، جس سے نمٹنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں نے حکومت کو طالبان سے مذاکرات کا اختیار دے دیا ہے کیونکہ موجودہ حالات میں ہمیں مل کر ہی دہشتگردی سے نمٹنا ہوگا۔

(جاری ہے)

آج پیر کے روز وہ وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جس میں اس پر بات ہوگی۔خورشید شاہ نے مزید کہا کہ سندھ میں اب تک حلقہ بندیاں مکمل نہیں ہوئیں نہ ہی ریٹرننگ افسران کی تقرریوں کا نوٹی فکیشن جاری ہوا ہے۔

امیدواروں کو کاغذات نامزدگی نہیں مل سکے، اس کے علاوہ حکومت نے بیلٹ پیپرز چھاپنے سے انکار کردیا ہے جبکہ پرنٹنگ کاپوریشن آف پاکستان نے بھی وقت کی کمی کاعذر پیش کیا ہے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے قومی اسمبلی نے بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے کے لئے متفقہ قرارداد منظور کی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام صورتحال کے باوجود سمجھ میں نہیں آتا کہ الیکشن کمیشن اور عدلیہ کو بلدیاتی انتخابات کی جلدی کیوں ہے کیونکہ اس طرح کے انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھیں گے لوگ الزام لگائیں گے کہ حکومت نے خود نتائج گھڑے ہیں۔