پشاور،دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام ڈرون حملوں اورینٹو سپلائی کے خلاف صدر تا پریس کلب ریلی نکالی گئی،نواز شریف نے اوبامہ کے ساتھ ملاقات میں ڈرون حملوں کی بندش اور عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے کوئی ذکرتک نہیں کیا،مولانا سمیع الحق

اتوار 10 نومبر 2013 22:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10نومبر۔2013ء) دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام ڈرون حملوں اورینٹو سپلائی کے خلاف صدر تا پریس کلب ریلی نکالی گئی جس کی قیادت جے یو آئی (س) کے رہنما مولانا سمیع الحق کر رہے تھے ریلی میں جماعت الدعوة کے کارکنوں نے بھی شرکت کی ۔ مولانا سمیع الحق نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو اندرونی و بیرونی خطرات درپیش ہیں اورنواز شریف نے ابامہ کے ساتھ ملاقات میں ڈرون حملوں کی بندش اور عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے کوئی ذکرتک نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں ملک کونام نہاد دہشت گردی کی جنگ میں ایک سو ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا اور بے گناہ عوام جاں بحق ہوئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی غدار ہے اور امریکہ اس کی رہائی کے لئے کوششیں بند کرے ۔ شرکاء نے اس موقع پر کہا کہ حکمرانوں نے امریکی دباؤ پر پرویز مشرف کو رہا کردیا اور ڈرون حملے نہ صرف ملک کی خود مختاری کے لئے نقصان دہ ہیں بلکہ اس سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کو بھی شدید دھچکا لگا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نیٹو سپلائی کی بندش میں تحریک انصاف کا ساتھ دیا جائیگا ۔ شرکاء نے حکومت سے امریکہ کے ساتھ تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔