ٹنڈوالہیار کے عوام کے ساتھ ذیادتی کی جارہی ہے، شہر لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے،مولانا علی محمد کمبو

پیر 16 دسمبر 2013 17:13

ٹنڈوالہیار(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16دسمبر 2013ء)شہر میں لگے گندگی کے ڈھیر ،ابلتے گٹر اور مرکز اہلسنت کے تقدس کی پامالی کے خلاف متحدہ دینی محاذ سندھ کے سیکریٹری اطلاعات محمد سکندر شاہ کی قیادت میں میرواہ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مولانا علی محمد کمبوہ ،مولانا اصغر تھیبو ،مولانا عمران فتح ،مفتی کریم اللہ انقلابی ،قاری بلال داؤد ،مولانا کاشف حنفی ،مولانا عبدالرحمن چاند و دیگر نے کہا کہ ضلع ٹنڈوالہیار کے عوام کے ساتھ عملی ذیادتی کی جارہی ہے شہر کوبالخصوص لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے گندگی کے ڈھیروں سے مساجد اور اسکولوں کے راستے بھی محفوظ نہیں ہیں جس کی وجہ سے ٹنڈوالہیار شہرکھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے شام 6بجے کے بعد شہر پر ویرانی چھاجاتی ہے شہر میں لگے گندگی کے ڈھیر اور جگہ جگہ گندے پانی کے جمع ہونے سے خواتین اسکولوں کے طلبہ ،طالبات اور معصوم بچے ذیادہ متاثر ہو رہے ہیں شہر میں کھیل کے میدان اور پارک تو ویسے ہی ناپید ہیں لیکن ظلم تو یہ ہے کہ گلیوں اور سڑکوں کو بھی عوام کے لیے وبال جان بنا دیا ہے اوپر سے بد ترین لوڈ شیڈنگ نے بھی شہریوں کی معمولات زندگی بری طرح متاثر کر دی ہیں اعلیٰ حکام ضلع ٹنڈوالہیار کے ساتھ ہونے والے اس ناروا سلوک کا نوٹس لیں انہوں نے مزید کہا کہ 15 سال بعد مردم شماری کرانے کا فیصلہ حکومت کا مثبت قدم ہے حکومت کو اس فیصلے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں حکومت مردم شماری میں اہم برتھ سرٹیفیکیٹ کے حصول میں مشکلات کا بھی اندازہ لگائے اور سول ہسپتال میں جہاں بچوں کو ٹیکوں کا کورس کرایا جاتا ہے وہیں پر پیدائشی سرٹیفیکیٹ کے لیے ایک نادرا کا کاؤ نٹر بنا دیا جائے تو اس سے عوام کی مشکلات میں بے حد کمی ہو جائے گی اور پیدائشی سرٹیفیکیٹ کے حصول کے رجحان میں مزید اضافہ ہو گا انہوں نے ٹنڈوالہیار کے نا ہل ٹی ایم او کو بر طرف کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔