پنجاب ، خیبر پختونخوا اور سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ،لاہور ، فیصل آباد ائیرپورٹس بند کردیئے گئے ، حادثات سے بچنے کے لئے موٹر وے حکام نے مختلف مقامات پر ٹریفک کو روک دیا ،دھند کے باعث ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار ، 21 اور 22 دسمبر کو ہلکی بارش کا امکان ہے ،جس کے بعد دھند میں کمی ہوگی ، محکمہ موسمیات

بدھ 18 دسمبر 2013 16:47

لاہور /سکھر /پشاور /فیصل آباد /ملتان /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18دسمبر 2013ء) پنجاب ، خیبر پختون خوا اور سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا لاہور ، فیصل آباد ائیرپورٹس بند کردیئے گئے ، حادثات سے بچنے کے لئے موٹر وے حکام نے مختلف مقامات پر ٹریفک کو روک دیا ،دھند کے باعث ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 21 اور 22 دسمبر کو ہلکی بارش کا امکان ہے ،جس کے بعد دھند میں کمی ہوگی ۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا میں شدید دھند کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے ، موٹر وے اورعلامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ بند کردیا گیا لاہور میں گزشتہ روز شام کو دھند کا سلسلہ شروع ہوا تھا وہ شدت اختیار کرگیا جس کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو بند کردیا گیا ہے،جس سے پروازیں معطل ہوکر رہ گئی، دھند کی وجہ سے آمدورفت کی 28 بین الاقوامی پروازیں اور اندرون ملک آنے جانے والی 8 پروازیں بھی دھند کی وجہ سے متاثر ہوئیں۔

(جاری ہے)

پشاور میں مسلسل دھند کے باعث باچا خان ائیرپورٹ پر آنیوالی فلائٹس تاخیر کا شکارہوئیں۔فیصل آباد میں بھی ائیر پورٹ شدید دھند کے باعث بند رہا لاہور سے اسلام آباد تک موٹروے حد نگاہ صفر ہونے کے باعث بند کردی گئی۔شہریوں کے مطابق وہ موسم سے لطف اندوز تو ہورہے ہیں تاہم ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ملتان روڈ، جی ٹی روڈ، سرگودھا اور جھنگ روڈ پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔

ترجمان ہائی وے نے مسافروں کو سفر میں سخت احتیاط کی ہدایت کی ۔شہریوں نے کہا کہ دھند کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا قصور، حافظ آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، سیالکوٹ، گجرات، ساہیوال اور شیخورہ کے علاقے بھی شدید دھند کی لپیٹ میں رہے ادھر ملک بھر سے لاہور آنے والی ٹرینیں قراقرم ایکسپریس دو گھنٹے ، کراچی ایکسپریس تین گھنٹے ،علامہ اقبال ایکسپریس ، عوامی اور تیز گام تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔

کراچی سے راولپنڈی جانیوالی پاکستان ایکسپریس 5گھنٹے تاخیر سے پہنچی کراچی سے لاہور جانیوالی کراچی ایکسپریس 4گھنٹے ، نائٹ کوچ 5گھنٹے لیٹ ہوئی،کراچی سے ملتان آنے والی زکریا ایکسپریس 5 گھنٹے تاخیر کا شکارہوگئی ادھر پنجاب کے بعد دھند نے سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی ڈیرے ڈالنا شروع کردیئے۔سکھر میں صبح سویرے دھند کے باعث انڈس ہائی وے اور نیشنل ہائی وے پر ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دھند کے باعث کئی مقامات پر حد نظر کم رہی جس کے نتیجے مسافر تاخیر سے اپنی منزل کی طرف روانہ ہوئے حادثات سے بچنے کے لئے موٹر وے حکام نے مختلف مقامات پر ٹریفک کو روک دیا۔ موٹر وے حکام نے ڈرائیورز کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں میں فوگ لائٹس ضرور لگوائیں۔ دوسری جانب صوابی سی پشاور جانے والی موٹر موٹر وے ایم ون بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند رہا،گوجرخان سے لاہور تک جی ٹی روڈ پر بھی حد نگاہ 5 میٹر رہی تاہم موٹر وے حکام نے دھند کم ہونے کے بعد موٹر وے کو دوبارہ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دھند کا سلسلہ وقفے وقفے کے ساتھ جنوری کے پہلے ہفتے تک جاری رہے گاہرین موسمیات کے مطابق ملک کے میدانی علاقے لاہور، گوجرانوالا، فیصل آباد،ملتان اور بہاولپورڈویژن میں دھند کا سلسلہ اگلے تین روز تک جاری رہے گا تاہم جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پنجاب ،کشمیراور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو جائے گا۔ جب تک تیز بارش نہیں ہو گی میدانی علاقوں میں دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔ سینئرمیٹرالوجسٹ فاروق ڈارنے بتایا کہ خشک سردی سے آلودگی والے علاقے زیادہ دھند کا شکار ہوتے ہیں۔