چوہدری نثار الفاظ واپس لینے کے معاملے کو انا کا مسئلہ نہ بنائیں، خورشید شاہ

ہفتہ 21 دسمبر 2013 12:23

سکھر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21دسمبر 2013ء) قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہم نے چوہدری نثار سے الفاظ واپس لینے کو کہا ہے معافی مانگنے کو نہیں، انہیں اس بات کو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہئے۔ پبلک اسکول سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ چوہدری نثار ایک سلجھے ہوئے سیاستدان ہيں، وہ خود جانتے ہیں کہ انہوں نے غلط الفاظ استعمال کئے۔

ہم نے چوہدری نثار سے الفاظ واپس لینے کو کہا ہے معافی مانگنے کو نہیں کہا، انہیں اس بات کو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہئے۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی روک تھام کے لئے طالبان سے مذاکرات کے ساتھ مزاکرات ضروری ہیں اگر مزاکرات سے بات نہیں بنی تو کوئی دوسرا آپشن دیکھا جائے، جو چیز ناخن سے کاٹی جاسکتی ہے اس کے لئے چھری کی ضرورت نہيں ہے۔ واضح رہےکہ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے اپنے اظہارخیال میں کہا تھا کہ انگوٹھوں کے نشانات کو لے کر ایک جماعت نے تماشہ لگا رکھا ہے۔ اس پر اپوزیشن جماعتوں نے کارروائی کا بائیکاٹ کر تے ہوئے کہا تھا کہ جب تک وزیر داخلہ اپنے الفاظ واپس نہیں لیں گے اس وقت تک وہ ایوان کی کارروائی میں شریک نہیں ہوں گے۔