مسئلہ جموں کشمیر زندہ و جاوید حقیقت ہے،یاسین ملک

بدھ 25 دسمبر 2013 15:51

مسئلہ جموں کشمیر زندہ و جاوید حقیقت ہے،یاسین ملک

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25دسمبر 2013ء) لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک نے بھارتی وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ جموں کشمیر زندہ و جاوید حقیقت ہے ۔ لبریشن فرنٹ کے زون جموں و کشمیر کے انتخا بات کے موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ یہ بھی ایک ناقابل تردیدسچائی ہے کہ یہی مسئلہ بھارت و پاکستان کے درمیان جاری مخاصمت اور جموں وکشمیر کے کروڑوں لوگوں کی زندگیوں کیلئے عدم استحکام کی واحد اور بنیادی وجہ ہے اور اسے کشمیریوں کی عملی شرکت اورمرضی کے مطابق حل کرنے میں ہی برصغیر کی بھلائی کا راز مضمر ہے۔

یاسین ملک نے کہا کہ یہ بھی ایک کھلی حقیقت ہے کہ پچھلے 65 برس میں بھارت و پاکستان بھارت اور کشمیری یا کشمیری و پاکستانی باہمی طور پر بات چیت کے ذریعے اس کا حل نکالنے میں ناکام ہوئے ہیں جس کا تقاضا ہے کہ اسے حل کرنے کیلئے عالمی برادری کی مدد بھی لی جائے۔

(جاری ہے)

یاسین ملک نے بھارت کے ان دونوں وزراسے سوال کیا کہ اگر بھارت کو بیرونی مداخلت سے اتنا ہی پرہیز ہے تو کیا وہ بتاسکتے ہیں کہ کانگریس کے بانی قائد اور ہندوستان کے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو نے اسے اقوام متحدہ کے حوالے کیوں کیا تھا، 1992میں جب لبریشن فرنٹ کے سرپرست اعلی امان اللہ خان صاحب نے خونی سرخ لکیرروندھنے کا اعلان کیا تو کیونکربھارتی حکومت امریکہ و برطانیہ سمیت اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے دوسرے اراکین کی مداخلت کی طالب ہوئی، اسی طرح پوچھا جاسکتا ہے کہ اگر تیسرے فریق یا بیرونی مداخلت سے بھارت اتنا کتراتا ہے تو کرگل جنگ میں امریکی مداخلت کیوں قبول کی گئی۔

یاسین ملک نے توقع کا اظہار کیا کہ عالمی سطح پر بھی اس حوالے سے مثبت سوچ اختیار کی جائے گی اور مسئلہ کشمیر کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی راہیں استوار کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :