محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی زندگی پسماندہ خواتین کیلئے مشعل راہ ہے، اعتزاز احسن،شہید جمہوریت نے آمریت کیخلاف جدوجہد کی ،ملک میں جموریت کو پروان چڑھایا،رہنماء پیپلز پارٹی

جمعہ 27 دسمبر 2013 20:55

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر۔2013ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو شہید کی زندگی بالخصوص محرومیوں کا شکار، پسماندہ خواتین کیلئے مشعل راہ ہے، انہوں نے ایک ماں، بیٹی اور پارٹی کی سیاسی قائد سمیت تمام حیثیتوں میں اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک سکول سکھر کے آڈیٹوریم میں پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ، پیپلز پارٹی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ڈاکٹر مہرین بھٹو، ثریا جتوئی، شازیہ مری، پیپلز پارٹی شعبہ خواتین سندھ کی چیئرپرسن شگفتہ جمانی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے آمریت کے خلاف جدوجہد کی اور ملک میں جموریت کو پروان چڑھایا، انہوں نے 28 برس تک پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی اور اپنی سیاسی بصیرت و صلاحتیوں کا لوہا منوایا، ان کی سیاسی زندگی ملک کی خواتین کیلئے ایک روشن مثال ہے۔

قبل ازیں محترمہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد کے حوالے سے دستاویزی فلم دکھائی گئی اور طالبات نے ٹیبلوز کے ذریعہ 27 دسمبر 2007ء کو راولپنڈی میں دہشت گردی کے واقعہ میں ان کی شہادت کے واقعہ کی منظر کشی کی۔ اس موقع پر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔