بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سازگار ماحول قائم کرے ،آغا حسن الموسوی

بدھ 1 جنوری 2014 13:27

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جنوری 2014ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سازگار ماحول قائم کرے ۔

(جاری ہے)

آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر کے علاقے سعید آباد رعنا واری میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک بھارت مقبوضہ علاقے سے فوجی انخلاء وہاں رائج کالے قوانین منسوخ اور غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا نہیں کرتا مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سازگار ماحول قائم نہیں ہو سکتا ۔

انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے ذریعے ہی خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے ۔ حریت رہنماء نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے فعال کردار ادا کرے اور بھارت پر دباؤ بڑھائے ۔