مقبوضہ کشمیر ،اے پی ڈی پی انسانی حقوق کی پامالیوں بارے دستاویز مرتب کرے گی

بدھ 1 جنوری 2014 13:28

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جنوری 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں دوران حراست لاپتہ کشمیریوں کے والدین کی تنظیم ( اے پی ڈی پی) بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مقبوضہ علاقے میں گزشتہ 24برس کے دوران ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے واقعات کی ایک تفصیلی دستاویز مرتب کر رہی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اے پی ڈی پی کی رہنما پروینہ آہنگر نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہا ہے کہ بھارتی ایجنسیاں مقبوضہ علاقے میں اپنے فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کے کردار اور یہاں کے زمینی حقائق کو انسانی حقوق کی تنظیموں کے سامنے توڑ موڑ کر پیش کررہی ہیں جس کی وجہ سے اصل حقائق کی ایک تفصیلی رپورٹ مرتب کرنے کی ضرورت محسوس کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اے پی ڈی پی نے یہ کام 2010 میں شروع کیا تھااور تنظیم مقبوضہ علاقے میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کے ایک ایک واقعے کو مرتب کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

پروینہ آہنگر نے کہا کہ اے پی ڈی کے ارکان مختلف علاقو ں میں جاکر وہاں انسانی حقوق کے واقعات قلمبند کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ڈوڈہ اور جموں خطے کے دیگر علاقوں کا بھی دورہ کیا جائے گا۔ پروینہ آہنگر نے کہا کہ انکا اپنا بیٹا بھی بھارتی فورسز نے لاپتہ کر دیا ہے اور وہ ان ماؤں اور بہنوں کے دکھ دردکا بخوبی اداراک رکھتی ہیں جن کے بیٹے ، بھائی اور شوہر لاپتہ کیے جا چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :