حکومت مربوط اقتصادی ترقی کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے ،وزیر اعظم نواز شریف،پاکستانی عوام کی مجموعی خوشحالی اور ترقی ہو گی ، پاکستان جاپانی وزیراعظم کے دورہ کا منتظر ہے ، جاپانی سفیر سے گفتگو

بدھ 1 جنوری 2014 21:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم جنوری ۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت مربوط اقتصادی ترقی کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے ، پاکستانی عوام کی مجموعی خوشحالی اور ترقی ہو گی ، پاکستان جاپانی وزیراعظم کے دورہ کا منتظر ہے جس سے دوطرفہ تعلقات میں مزید تنوع اور وسعت پیدا کرنے کیلئے دونوں ممالک کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔وہ بدھ کو یہاں پاکستان میں جاپان کے سفیر ہیروشی انوماتا کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مربوط اقتصادی ترقی کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے جس سے پاکستانی عوام کی مجموعی خوشحالی اور ترقی ہو گی اور اس سلسلے میں جاپان جیسے دوستوں کا تعاون انتہائی قابل تعریف ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میری حکومت دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، ترقی، توانائی اور استعداد کار کے شعبہ میں زیادہ تعاون کی خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان مفاہمت کو مضبوط بنانے کے لئے جاپان کے وزیر اعظم کے ساتھ میری ملاقات بڑی معاون رہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جاپانی وزیراعظم کے دورہ کا منتظر ہے جس سے دوطرفہ تعلقات میں مزید تنوع اور وسعت پیدا کرنے کیلئے دونوں ممالک کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کراچی سرکلر ریلوے پراجیکٹ میں جاپان کی دلچسپی اور کراچی اور لاہور میں انڈر گراؤنڈ میٹرو سسٹمز کی تعریف کرتا ہے۔

وزیراعظم اور جاپانی سفیر نے طلباء کے تعلیمی تبادلوں اور پاکستان میں توانائی کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ میری حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کار دوستانہ پالیسیاں شروع کی ہیں اور ہم جاپانی سرمایہ کاروں کی پاکستان آنے اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔