غداری کیس میں مشرف کی حاضری، وکلاء نے استثنیٰ مانگ لیا

جمعرات 2 جنوری 2014 11:29

غداری کیس میں مشرف کی حاضری، وکلاء نے استثنیٰ مانگ لیا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 جنوری 2014ء) سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کا تین رکنی بنچ کر رہا ہے۔ کیس کی سماعت کے دوران پرویز مشرف اور عدالتی وکلاء کے درمیان شدید گرما گرمی اور تلخ کلامی شروع ہو گئی .دونوں جانب سے ایک دوسرے کو دھمکیاں بھی دی گئیں۔ پرویز مشرف کے وکیل رانا اعجاز کا خصوصی عدالت کے روبرو کہنا تھا کہ حکومتی وکیل \'\'اکرم شیخ نے سابق صدر پرویز مشرف کو جوتا مارنے کی دھمکی دی ہے\'\'۔

اکرم شیخ خود کو ہیرو اور وزیراعظم نواز شریف کو چیتا سمجھتے ہیں۔ اکرم شیخ وزیراعظم سے وعدہ کرکے آئے ہیں کہ وہ پرویز مشرف کی تضحیک کریں گے. پرویز مشرف کے وکیل انور منصور کا کہنا تھا کہ صرف مجھے یہ کیس لینے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

ساری رات میرے گھر کی گھنٹی بجائی جاتی رہی. میں ساری رات سو نہیں سکا۔ مجھے دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔

میری گاڑی پر حملہ بھی ہو چکا ہے. گزشتہ 40 سال میں اس صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ جس پر بنچ کے سربراہ جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ آپ کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کا حکم جاری کرتے ہیں تاہم ایڈووکیٹ انور منصور کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سے سیکیورٹی نہیں چاہتا، بے شک مجھے مار دیں۔ ایسی حکومت کی سیکیورٹی نہیں چاہیے جو خود فریق ہے۔ پرویز مشرف کے وکلاء پینل کے سربراہ سید شریف الدین پیرزادہ نے عدالت کے روبرو کہا کہ حکومتی وکیل اکرم شیخ نے انھیں ابراہیم ستی کے سامنے دھمکیاں دی ہیں۔

جس پر ابراہیم ستی کا کہنا تھا کہ اکرم شیخ نے کہا کہ شریف الدین پیرزادہ نے ساری زندگی مارشل لا کی حمایت کی۔ میرا ٹارگٹ احمد رضا قصوری نہیں بلکہ شریف الدین پیرزادہ ہیں۔ حکومتی وکیل اکرم شیخ نے کہا کہ شریف الدین پیرزادہ کے اشارے پر مجھ پر ذاتی حملے کئے جا رہے ہیں۔ خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس فیصل عرب نے پرویز مشرف کے وکیل سید شریف الدین پیرزادہ سے استفسار کیا کہ کیا ان کے موکل سابق صدر پرویز مشرف آج عدالت میں پیش ہو رہے ہیں جس پر شریف الدین پیرزادہ کا کہنا تھا کہ ان کے موکل شاید آج عدالت میں پیش ہونگے۔

شریف الدین پیرزادہ کا کہنا تھا کہ آج وکلاء کو جس طرح دھمکیاں دی گئیں، میں عدالت سے کیا توقع کروں. پرویز مشرف کے وکلاء نے غداری کیس میں اپنے موکل کی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ مانگ لیا ہے. کیس کی سماعت ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دی گئی ہے.