الیکشن کمیشن سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے لوگوں کے ابہام دور کرے، نثار کھوڑو

جمعرات 2 جنوری 2014 14:37

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 جنوری 2014ء) سندھ کے سینیئر وزیر نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ 2009 میں سندھ اسمبلی نے 2001 میں جنرل مشرف کا لایا ہوا نظام ختم کردیا تھا، اب الیکشن کو چاہیئے کہ وہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد لوگوں کے ابہام دور کرے۔

(جاری ہے)

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت ہر صوبہ خود بلدیاتی نظام رائج کرے گا جبکہ آئین نے صوبائی حکومتوں کو بلدیتی حلقہ بندیوں کا صوابددی اختیار بھی دے رکھا ہے، سندھ اسمبلی نے 2009 میں سابق صدر پرویز مشرف کے 2001 میں نافذ کئے گئے بلدیاتی نظام کو ختم کردیا تھا جس کی رو سے اس نظام کےتحت حلقہ بندیاں بھی ختم کی گئیں، سندھ ہائی کورٹ نے نئی حلقہ بندیوں کو ختم کردیا ہے جس سے لوگوں کے ذہنوں میں ابہام پیدا ہوگئے ہیں جسے الیکشن کمیشن ہی دور کرسکتا ہے۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف عدلیہ میں پیشی کے ڈرسے بیمار پڑ گئے، انہیں چاہیئے کہ وہ اس معاملے میں اداروں کو ملوث نہ کرے، اس طرح کے اقدام سے وہ غداری کے مرتکب ہورہے ہیں،اس تناظر میں بلاول بھٹو زرداری کا بیان درست ہے۔