متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی اورحیدرآبادمیں بلدیاتی انتخابی مہم کاباقاعدہ آغازکردیا

جمعرات 2 جنوری 2014 23:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 جنوری ۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی اورحیدرآبادمیں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں بھرپورانتخابی مہم کاآغازکردیاہے۔تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کے زیراہتمام کل بروزجمعہ لطیف آبادحیدرآباد اورمورخہ5جنوری بروزاتوارکوکراچی میں گلشن اقبال میں واقع الہ دین پارک سے متصل گراؤنڈمیں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں عوامی جلسوں کوسندھ کی سیاست میں انتہائی اہمیت کاحامل قراردیاجارہاہے۔

سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق ایم کیوایم نے بلدیاتی انتخابات میں بھرپوراندازمیں حصہ لینے کافیصلہ کیاہے ،ایم کیوایم کے مرکزی رہنماؤں کے مطابق حکومت سندھ کی تمام ترانتقامی کارروائیوں،کارکنوں اورہمدردوں کی غیرقانونی گرفتاریوں اورانہیں ہراساں کرنے کے باوجودایم کیوایم بلدیاتی انتخابات میں بھرپورشرکت کرے گی اورعوامی تائیدسے ثابت کردے گی کہ ملک بھرکے مظلوم عوام کی طرح صوبہ سندھ بالخصوص سندھ کے شہری عوام آج بھی قائدتحریک الطاف حسین کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اوران کی قیادت میں متحدومنظم ہیں۔

(جاری ہے)

متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام اتوار5جنوری کوکراچی کے علاقے گلشن اقبال میں الہ دین پارک سے متصل وسیع وعریض گراؤنڈمیں تاریخ سازانتخابی جلسہ عام منعقدکیاجائے گاجن میں ایم کیوایم کے قائدجنا ب الطاف حسین ٹیلی فونک خطاب کریں گے۔سندھ میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں کل بروزجمعہ 3جنوری کوحیدرآبادجبکہ کراچی میں الہ دین پارک سے متصل گراؤنڈمیں تیاریوں کاسلسلہ زوروشورسے جاری ہے۔