رینٹل پاور کرپشن کیس ، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف احتساب عدالت میں پیش ہو گئے،فرد جرم کا معاملہ ٹل گیا

جمعہ 3 جنوری 2014 15:02

رینٹل پاور کرپشن کیس ، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف احتساب عدالت میں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3جنوری 2014ء) رینٹل پاور کرپشن کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف احتساب عدالت میں پیش ہو گئے ،عدالت نے مقدمے کی سماعت 17جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے نیب کو غیر متعلقہ افراد کے نام خارج کرنے اورحتمی چالان پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش ہوئے۔

ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کیس کے دو ملزمان نے لاہور ہائیکورٹ سے حکم امتناع لے رکھا ہے جب تک ان کا فیصلہ نہیں آتا ان کے موکل پر فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔عدالت نے راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا معاملہ موخر کردیا اور نیب کو ریفرنس سے غیر متعلقہ افراد کے نام نکالنے کیلئے 17جنوری تک کی مہلت دے دی۔

(جاری ہے)

فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ راجہ پرویز اشرف پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، فرد جرم عائد ہوئی تو دفاع کریں گے۔راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ یہ کیس عدالت میں آئے اور لوگوں کو حقائق پتہ چل سکیں۔ انہوں نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بے بنیاد ہیں اوراس میں کچھ ثابت نہیں ہوگا ۔پرویز مشرف کیس سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ انکی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف نوڈیرو پاور پلانٹ کی مشینری منتقل کرنے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام ہے۔