اردو بولنے والوں کیلئے الگ صوبہ بناﺅ یا الگ ملک بھی بن سکتا ہے،الطاف حسین، مر جائیں گے سندھ نہیں دیں گے، بلاول بھٹو زرداری

جمعہ 3 جنوری 2014 18:44

اردو بولنے والوں کیلئے الگ صوبہ بناﺅ یا الگ ملک بھی بن سکتا ہے،الطاف ..

حیدر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جنوری۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے اردو بولنے والوں کیلئے الگ صوبہ بنانے کا مطالبہ کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ شہری آبادی کو برابر کا حصہ نہ دیا گیا تو علیحدہ صوبے سے بات آگے نکل کر ملک تک بھی پہنچ سکتی ہے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے الطاف حسین کے خطاب کے ردعمل میں کہا ہے کہ وہ مر جائیں گے لیکن سندھ کسی کو نہیں دیں گے۔

حیدر آباد میں جلسے سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر بلدیاتی انتخابات سے فرار اختیار کیا گیا اور ایسی حلقہ بندیاں کی گئیں کہ پیپلز پارٹی رہ جگہ کامیاب ہو جائے اور ایم کیو ایم ہار جائے، ٹیبل پر بیٹھ کر بات کر لو اور شہری آبادی کو برابر کا حصہ دیا جائے،اقوام متحدہ کے تحت مردم شماری کرائی جائے تو شہری آبادی زیادہ نکلے گی لیکن سندھ کے شہری علاقے ہڑپہ اور موہنجودوڑو کا نقشہ پیش کر رہے ہیں جبکہ کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات سے فرار کیلئے حلقہ بندیوں کا شوشا چھوڑا گیا اور طاقت کے بل پر عدالتی فیصلہ نہیں مانا گیا تو جو تم کرو گے وہ ہم کریں گے۔ سندھ میں اردو بولنے والوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، حکومت کو غنڈہ گردی کرنی ہے تو کرے، جان دینا جانتے ہیں کیونکہ ہم نے جانیں دی ہیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک ماہ میں حیدر آباد میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرے اور اگر نہیں کیا گیا تو وہ خود اس کا اعلان کریں گے۔

الطاف حسین کے خطاب کے دوران ہی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ وہ مر جائیں گے لیکن سندھ کسی کو نہیں دیں گے۔ اس پر الطاف حسین نے کہا کہ بلاول تمہارے جذبات سمجھتا ہوں، تم میرے بھتیجے کی طرح ہو، بولنے سے پہلے کئی بار سوچا کرو۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 6 کی زد میں افتخار چوہدری اور جنرل (ر) کیانی بھی آتے ہیں، جنرل(ر) مشرف کو لٹکاﺅ، الطاف کو لٹکاﺅ لیکن ساتھ میں افتخار چوہدری اور جنرل(ر) کیانی بھی ہوں۔