اسلام آباد ہائیکورٹ : 15 جنوری تک سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہم کرنے کا حکم

جمعہ 3 جنوری 2014 23:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جنوری۔2014ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے 15جنوری تک تمام سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کی طرح پوٹھوہار ریجن کو بھی ہفتے میں کم ازکم تین دن گیس دی جائے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس بندش کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اوگرا اور حکومت کو ہدایت کی کہ 15 جنوری تک تمام سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور سی این جی اسٹیشنز کے جبری طور پر اتارے گئے میٹر دو دن میں واپس لگائے جائیں۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ اوگرا لوگوں سے مذاق نہ کرے، جن لوگوں کے سی این جی اسٹیشنز بند ہوئے ان کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں۔ وزارت پیٹرولیم کے وکیل میر اورنگزیب نے کہا کہ تمام سی این جی اسٹیشنز سے معاہدہ تھا کہ وہ شکایت کی صورت میں اوگرا سے رابطہ کریں گے مگر انہوں نے عدالت سے رجوع کر لیا۔