ڈاکٹر کہیں گے کہ علاج باہر ہونا چاہیے تو مشرف کا علاج باہر ہوگا، وکیل مشرف

ہفتہ 4 جنوری 2014 12:01

ڈاکٹر کہیں گے کہ علاج باہر ہونا چاہیے تو مشرف کا علاج باہر ہوگا، وکیل ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4جنوری 2014ء) سابق صدر پرویز مشرف کے مزید ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،نئے ٹیسٹ کی رپورٹ آنے پر ہی ڈاکٹرز حتمی رائے قائم کریں گے، پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری کا کہنا ہے کہ اگر ڈاکٹر کہیں گے کہ علاج باہر ہونا چاہیے تو پرویز مشرف کا علاج باہر ہوگا۔

سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی میں داخل ہوئے آج تیسرا روز ہے۔ہسپتال کا 7رکنی میڈیکل بورڈ پرویز مشرف کے میڈیکل ٹیسٹ مکمل ہونے اور ان کا جائزہ لینے کے بعد اندرون یا بیرون ملک علاج ،،اسپتال میں رہنے یا ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کرے گا۔جمعرات کی صبح سابق صدر کو گھر سے تو عدالت لے جایا جارہا تھا لیکن بنی گالہ کے قریب ان کے سینے اور بازو میں درد ہوا اور جسم ٹھنڈا پڑنے لگا۔

(جاری ہے)

انہیں زبان کے نیچے رکھنے والی گولی بھی دی گئی اور اسپتال پہنچا دیا گیا۔اسی روز جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی انجیو گرافی سمیت تمام ضروری ٹیسٹ مکمل کر لیے گئے تھے جبکہ ہر 2گھنٹے بعد بھی ان کا چیک اپ جاری ہے۔ اے ایف آئی سی کی اندرونی سیکیورٹی فوج اور بیرونی رینجرز کے پاس ہے،پولیس بھی رینجرز کی مدد کررہی ہے،اے ایف آئی سی کے قریب پارکنگ ممنوع قرار دیدی گئی ہے اور مال روڈ کا ایک حصہ بلاک رکھ کر بند کردیا گیا ہے۔