منظور الحسن نے قومی ہاکی کھلاڑیوں کیلئے ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز پیش کر دی

ہفتہ 4 جنوری 2014 12:55

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4جنوری 2014ء) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے چیف کوچ اور منیجر منظور الحسن نے قومی ہاکی کھلاڑیوں کیلئے ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق منظور الحسن نے بھارت میں پچھلے ماہ ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے اپنی رپورٹ تیار کرلی ہے جو وہ پیر یا منگل کو پی ایچ ایف کے حکام کے حوالے کریں گے۔

انہوں نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ایونٹ کیلئے ٹیم کی تیاری زیادہ اچھی نہیں تھی۔ انہوں نے تین سال کے دوران کوچز کی کارکردگی پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ منظور الحسن نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ کھلاڑیوں میں اسکل کی کمی تھی، وہ ذہنی طور پر بھی ورلڈ کپ جیسے مقابلے کیلئے تیار نہیں تھے،کھلاڑیوں کو زیادہ تر ایشیائی ٹیموں کے خلاف کھلایا گیا اس لئے وہ یورپی ٹیموں کے سامنے بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ نہیں کرسکے،ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھی سوالیہ نشان دکھا ئی دے رہے تھے، یورپی ٹیموں کے سامنے پاکستانی کھلاڑی ذہنی اور جسمانی طور بہت کم زور نظر آرہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تجویز دی ہے کہ کھلاڑیوں کیلئے ماہر نفسیات کی ضرورت ہے تاکہ انہیں بڑے مقابلوں کیلئے ذہنی اور جسمانی اعتبار سے مستقبل میں تیار کیا جاسکے۔ منظور الحسن نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی تجویز دی ہے کہ پاکستان ہاکی میں بہتری کیلئے طویل مدتی حکمت عملی بنائی جائے۔ انہوں نے ڈومیسٹک ہاکی میں جونیئر سطح پر ٹورنامنٹس کی تعداد میں اضافے کی بھی تجویز دی ہے۔

متعلقہ عنوان :