سعودی حکام نے ملک میں مقیم ہزاروں غیر ملکی کارکنوں کو دستاویزات کی درستگی کیلئے دی گئی مدت میں دو ماہ کا اضافہ کر دیا

ہفتہ 4 جنوری 2014 13:05

ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4جنوری 2014ء)سعودی حکام نے ملک میں مقیم ہزاروں غیر ملکی کارکنوں کو دستاویزات کی درستگی کے لیے دی گئی مدت میں دو ماہ کا اضافہ کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی حکام نے بتایا کہ وہ افراد جو سات ماہ کی دی گئی مدت میں اپنی قانونی حیثیت کی تصدیق نہیں کروا سکے وہ اب یکم مارچ 2014 تک ایسا کر سکیں گے۔یہ مدت گذشتہ برس تین نومبر کو ختم ہوئی تھی اور اس کے خاتمے پر ہزاروں افراد کو سعودی عرب سے بے دخلی کے خطرے کا سامناکرنا پڑا۔

پاکستان سمیت دنیا کے کئی ایسے ممالک نے جن کے شہری روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم ہیں، سعودی حکومت سے اس مدت میں اضافے کی اپیل کی تھی ۔ سعودی عرب کے شعبہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سلیمان الیحیٰ نے مقامی ذرائع کو بتایا کہ سعودی وزیرِ داخلہ شہزادہ محمد بن نائف نے ان کے محکمے کو حکم دیا ہے کہ وہ تارکینِ وطن کی ایسی دستاویزات کی تصحیح کا عمل مکمل کریں جو پہلے دی گئی مدت کے دوران وزارتِ محنت میں جمع کی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

سعودی حکام نے ملک میں ملازمت کے نئے قوانین متعارف کروائے جانے کے بعد چار نومبر 2013 سے غیر قانونی طور پر کام کرنے والوں کو حراست میں لے کر ملک بدر کرنے کا عمل شروع کر دیا تھااس کارروائی کے آغاز کے بعد ایسے افراد میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی جن کی دستاویزات تین نومبر کو معافی کی مدت کے اختتام پر تصدیقی مراحل میں تھیں اور ان افراد نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ انھیں دستاویزات نہ ہونے پر حراست میں لیا جا سکتا ہے اور انھیں ملک بدری کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

ایمنسٹی سکیم میں دو ماہ کے اضافے کی وجہ سے سعودی حکام اب اس عرصے کے دوران غیر قانونی تارکینِ وطن کی تلاش میں مزدوروں کے رہائشی علاقوں، دکانوں اور کاروباری اداروں پر چھاپے بھی نہیں مار سکیں گے۔سعودی عرب میں ویزا اور رہائشی پرمٹ ہونے کے باوجود اپنے کفیل کے علاوہ کسی اور جگہ کام کرنا غیرقانونی ہے اور ایسا کرنے والے کو دو برس تک قید اور ایک لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے مطابق اس وقت سعودی عرب میں معاش کی غرض سے مقیم پاکستانیوں کی تعداد 15 لاکھ ہے اور نئے قوانین کے نفاذ کے بعد وہاں غیرقانونی طور پر رہائش پذیر 54 ہزار پاکستانیوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے ایک محتاط اندازے کے مطابق اب تک ساڑھے نو لاکھ پاکستانیوں سمیت چالیس لاکھ غیر ملکی سعودی حکام سے اپنی دستاویزات کی تصدیق کروا چکے ہیں جبکہ ملک میں غیرقانونی طور پر موجود افراد کی تعداد اب بھی دس لاکھ کے لگ بھگ ہے۔