پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے، صہبا مشرف

ہفتہ 4 جنوری 2014 17:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4جنوری 2014ء) پرویز مشرف نے بیرون ملک جانے کی خواش ظاہر کر دی۔ صہبا مشرف نے وزارت داخلہ کے نام خط میں خاوند کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کر دی ہے۔ دوسری طرف اسلام آباد ہائی کورٹ نے مشرف کو بیرون ملک منتقل کرنے سے روکنے کے لئے درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی۔

سیکرٹری وزارت داخلہ کے نام خط میں صہبا مشرف نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کی طبیعت ناساز ہے اور دوبئی میں مقیم ان کی والدہ بھی شدید علیل ہیں۔ پرویز مشرف اہلخانہ کے ہمراہ بیرون ملک جانا چاہتے ہیں اس لئے ان کے بیرون ملک جانے پر پابندی ختم کی جائے ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف بھاگیں گے نہیں وہ وطن واپس آئیں گے اور تمام مقدمات کا سامنا کریں گے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پرویز مشرف کو علاج کے لئے بیرون ملک منتقل کرنے کے خلاف لال مسجد شہدا فاؤنڈیشن کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی گئی۔ درخواست میں یہ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پرویز مشرف پر غازی عبدالرشید کے قتل سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات عدالتوں میں زیرسماعت ہیں وہ بیرون جانے کے بعد واپس نہیں آئیں گے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی 6 جنوری کو درخواست کی سماعت کرینگے۔

متعلقہ عنوان :